دبئی: متحدہ عرب امارات نے سرکاری اور نیم سرکاری اداروں میں کام کرنے والے غیرملکی ملازمین کو ورک پرمٹس اور انٹری پرمٹس دینے کا دوبارہ آغاز کردیا۔
عرب میڈیا کے مطابق یو اے ای نیشنل ہیلتھ ایمرجنسی کرائسس اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں بتایا کہ سرکاری اور نیم سرکاری اداروں میں کام کرنے والے ملازمین کے لیے ورک پرمٹس اور انٹری پرمٹس دینے کا دوبارہ آغاز کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں لاکھوں کی تعداد میں غیرملکی ملازمین کام کرتے ہیں، کورونا وبا کے باعث مارچ میں ہر طرح کے پرمٹس معطل کردئیے گئے تھے۔
امارات نے کورونا وائرس کے باعث نئے ویزے کے اجرا اور ملک میں مقیم غیرملکیوں کے داخلے پر پابندی لگا رکھی تھی۔
The Federal Authority for Identity and Citizenship in coordination with the NCEMA resumes the granting of entry permits for domestic workers as well as employment permits for government and semi-governmental entities and vital facilities in the country#CommitToWin pic.twitter.com/lAU1cfnWjp
— NCEMA UAE (@NCEMAUAE) October 5, 2020
یاد رہے کہ یو اے ای کی جانب سے ملک میں مقیم غیرملکیوں کے داخلے کے لیے ویزے 24 ستمبر سے دوبارہ کھولے گئے تھے، اس سے قبل حکام نے سفر کے حوالے سے نئے ضوابط کا اعلان کیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق دبئی آنے والوں کے لیے دبئی سے جاتے وقت پی سی آر ٹیسٹ کی شرط ختم کردی گئی ہے، اب ایسے افراد جو کہ بیرون ممالک سے دبئی آتے ہیں انہیں صرف آمد کے وقت ٹیسٹ کروانا ہوگا۔
خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس سے اب تک 99 ہزار 733 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ 429 اموات ہوئی ہیں۔