اسلام آباد : متحدہ عرب امارات ( یو اے ای) نے پاکستان کے لیے دو ارب ڈالر کا قرض ایک بار پھر رول اوور کردیا۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات نے مزید ایک سال کیلئے دو ارب ڈالر رول اوور کرنے کی تصدیق کردی۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے یواےای نے دو ارب ڈالر اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں رکھے ہیں، ان ڈپازٹس کی مدت جنوری دو ہزار پچیس میں ختم ہو رہی تھی۔
مرکزی بینک نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک کے زخائر 11.69 ارب ڈالر سے بڑھ کر 11.72 ارب ڈالر پر پہنچ گئے جبکہ کمرشل بینکوں کے زخائر 4.2 کروڑ ڈالر اضافے سے 4.72 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئے۔
اسٹیٹ بینک نے کہا کہ ملکی مجموعی ذخائر 7.3 کروڑ ڈالر اضافے سے 16.45 ارب ڈالر ہوگئے ہیں۔
یاد رہے وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ارحیم یارخان میں یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید سے ملاقات ہوئی ، یواےای کے صدر سے مثبت گفتگو ہوئی، ملاقات میں باہمی تعلقات، سرمایہ کاری کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم نے بتایا تھا کہ یواے ای صدر نے کہا ہمارے برادرانہ تعلقات ہیں اور سرمایہ کاری میں بھرپور تعاون کا یقین دلایا ساتھ جنوری میں جو 2 بلین ڈالر کی ادائیگی کرنی ہے اس میں توسیع کررہے ہیں، 2 بلین ڈالر کی ادائیگی میں وقت دینے پر یواے ای صدر کے شکر گزار ہیں۔