ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کی جانب سے شام کے زلزلہ متاثرین کے لیے الیکٹرک وہیل چیئرز روانہ کی گئی ہیں جس سے زلزلے میں معذور ہوجانے والے افراد کو امید کی نئی کرن ملی ہے۔
اردو نیوز کے مطابق ہلال احمر امارات کی جانب سے شام میں فروری میں آنے والے ہولناک زلزلے سے متاثرہ افراد کو طبی امداد اور سہولیات کے علاوہ الیکٹرک وہیل چیئرز تقسیم کی جا رہی ہیں۔
زلزلہ متاثرین کی امداد میں ضعیف افراد کے لیے ادویات اور غذائی سپلیمنٹس بھی شامل ہیں، امارات ہلال احمر کی جانب سے تمام پروگرام شامی ہم منصبوں کے ساتھ مل کر ترتیب دیے گئے ہیں۔
شام کے علاقے الاذقیہ میں الیکٹرک وہیل چیئرز وصول کرنے پر شامی عوام نے رمضان المبارک میں اس خصوصی مدد پر متحدہ عرب امارات سے اظہار تشکر کیا ہے۔
وہیل چیئر حاصل کرنے والے شامی بچے زین العابدین نے کہا ہے کہ یہ میرے لیے دو نئے پاؤں کی طرح ہے، اب میں اس کی مدد سے جہاں چاہوں جا سکتا ہوں اور یہ مجھے تیزی سے آگے بڑھنے میں مدد کرے گی۔
خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے شام میں زلزلہ متاثرین کے لیے امدادا کا سلسلہ جاری ہے جس میں صحت کے شعبے کے علاوہ تعلیمی ضروریات پوری کرنے کے لیے امداد بھی شامل ہے۔