ابوظبی: متحدہ عرب امارات میں رمضان المبارک کی مناسبت سے صدقہ الفطر کی رقم کا اعلان کردیا گیا۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یو اے ای کی فتویٰ کونسل نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال زکوٰۃ الفطر کی قیمت 25 درہم فی کس مقرر کی گئی ہے۔
فتویٰ کونسل کا کہنا ہے کہ زکوٰۃ الفطر صدقہ ہے جو رمضان کے مقدس ماہ میں مستحق افراد کو دیا جاتا ہے، یہ رقم رمضان کے دن سے اور عید الفطر کی صبح تک عید کی نماز کے وقت سے پہلے دی جاسکتی ہے۔
ترجمان فتویٰ کونسل کا کہنا تھا کہ ہر مسلمان مرد اور عورت جو صاحب حیثیت ہے اس پر فطرہ ادا کرنا واجب ہے۔
یو اے ای کی فتوی کونسل نے رمضان المبارک سے متعلق دیگر رقوم کا بھی اعلان کیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ صاحب حیثیت افراد ضرورت مندوں کے لیے افطار کا انتظام کرنا چاہیں تو اس کی رقم 15 درہم مقرر کی گئی ہے۔
فتویٰ کونسل کے مطابق اگر کوئی شخص بڑھاپے یا بیماری کی وجہ سے روزہ نہ رکھ سکے تو اس کے فدیے کی رقم بھی 15 درہم ہوگی۔
جو شخص بغیر کسی معقول وجہ کے روزہ چھوڑ دے یا ختم کردے اسے 60 مسکینوں کو کھانا کھلانے کے لیے کفارہ ادا کرنا چاہیے جس کی رقم رواں سال 900 درہم مقرر کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ یو اے ای کے ماہرین فلکیات کے مطابق پہلا روزہ 2 اپریل کو ہونے کا قوی امکان ہے اور عید الفطر 2 مئی کو ہوسکتی ہے۔