اسلام آباد : متحدہ عرب امارات نے پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکلنے کے لیے بیل آؤٹ پیکج دینے کا اعلان کردیا، رقم اسٹیٹ بنک آف پاکستان میں رکھوائی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق یواے ای کی سرکاری نیوزایجنسی نے اعلان کیا ہے کہ اماراتی حکومت پاکستان کومشکل معاشی حالات سے نکلنے کے لیے 3 ارب ڈالر کی مالی مدد فراہم کرے گی۔
ابوظہبی فنڈ فارڈیویلپمنٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یو اے ای کی جانب سے یہ اقدام پاکستان کی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پراپنے پیغام میں کہا کہ مشکل وقت میں فراخدلی سے پاکستان کی مدد پر یواے ای کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
I want to thank the UAE govt for supporting Pakistan so generously in our testing times. This reflects our commitment and friendship that has remained steadfast over the years.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) December 21, 2018
وزیراعظم پاکستان نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ یہ معاشی مدد سالوں پرمحیط ہماری دوستی اورکمٹمنٹ کی عکاس ہے۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پراپنے پیغام میں کہا کہ فراخدلانہ مالی سپورٹ پریواے ای ولی عہد محمد بن زید کا شکریہ، پیکج پاکستان اوریواے ای کے دیرینہ تعلقات کا مظہرہے۔
We thank Crown Prince H.H @MohamedBinZayed for his generous financial support of US$ 3 Billion. This is a manifestation of the close fraternal ties between Pakistan & UAE which have always stood the test of time.
— Shah Mahmood Qureshi (@SMQureshiPTI) December 21, 2018
سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر مل چکے‘ وزیر خزانہ اسد عمر
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ یواےای کے دورے کے بعد شاہ محمود قریشی نے بتایا تھا کہ متحدہ عرب امارات سے سعودی عرب جیسے پیکج کے ساتھ ساتھ گوادراورکراچی میں پانی کا بحران حل کرنے کے منصوبوں پربات ہوئی ہے، یواے ای کے وفد سے ویزا معاملات بھی آسان بنانے پر مشاورت کی گئی ہے۔
اس سے قبل اکتوبر کے آخر میں وزیراعظم عمران خان سے یو اے ای کے وفد نے ملاقات کی تھی ، وفد کی قیادت وزیر مملکت سلطان احمد الجبیر نے کی، اس موقع پر وزیر خارجہ، وزیر خزانہ اور اوور سیز کے وزیر بھی موجود تھے۔