جمعرات, مارچ 27, 2025
اشتہار

یو اے ای میں تیار ہونے والی کرونا ویکسین کا نام کیا ہوگا؟

اشتہار

حیرت انگیز

ابوظبی: متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی میں چین کی کرونا ویکسین تیار کی جائے گی، ویکسین کو حیات ویکس کا نام دیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق یو اے ای نے چین کی کرونا ویکسین کی تیاری سے متعلق اہم فیصلہ کیا ہے، رواں سال کے آخر تک ابوظبی کی ایک نئی فیکٹری میں سائنو فارم کی کرونا ویکسین کی تیاری شروع کر دی جائے گی۔

اس ویکسین کی تیاری کے لیے ابوظبی کی ٹیکنالوجی کمپنی گروپ 42 (G42) نے چینی کمپنی سائنو فارم کے ساتھ اشتراک کیا ہے۔

ویکسین کی تیاری کے اس منصوبے کو خلیجی خطے میں چینی سفارت کاری کی توسیع قرار دیا جا رہا ہے، جب کہ یو اے ای کی معیشت میں اس سے تنوع پیدا ہونے میں بھی مدد ملے گی۔

خیال رہے کہ ویکسین تیار کرنے والا یہ پلانٹ خلیفہ انڈسٹریل زون آف ابوظبی میں تعمیر کیا جا رہا ہے، اس میں 3 فِلنگ لائنز اور 5 آٹومیٹڈ پیکیجنگ لائنز ہوں گی۔

اس پلانٹ میں ایک سال کے دوران کرونا ویکسین کی 20 کروڑ خوراکیں تیار کی جائیں گی، جب کہ اس پروڈکشن لائن میں ابتدائی طور پر ایک ماہ میں 20 لاکھ خوراکیں تیار کی جا سکیں گی۔

پیر کو بتایا گیا کہ متحدہ عرب امارات میں تیار ہونے والی اس ویکسین کو حیات ویکس (Hayat-Vax) کا نام دیا جائے گا، تاہم یہ بیجنگ انسٹی ٹیوٹ آف بائیولوجیکل پروڈکٹ کی ویکسین ہے جس کی امارات نے دسمبر میں منظوری دی تھی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں