اسلام آباد : نائب وزیراعظم یواےای شیخ عبداللہ بن زاید النہیاں کا کہنا ہے کہ پاکستان ہمارے دل کے قریب ہے، یہاں آکرخوشی ہورہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیاں دفترخارجہ پہنچے ، جہاں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے معزز مہمان کا استقبال کیا، دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا اور اسحاق ڈارنے اماراتی ہم منصب سے اپنے وفد کا تعارف کرایا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ معزز مہمان کو اپنے گھر آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں، پاکستان اورمتحدہ عرب امارات کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں، ہم بہت سے منصوبوں پر مشترکہ طورپر کام کر رہے ہیں۔
اماراتی نائب وزیراعظم نے پرتپاک استقبال پر نائب وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارے دل کے قریب ہے، یہاں آکر خوشی ہورہی ہے، پاکستان اور یو اے ای کے کزشتہ عرصے میں تعلقات میں اضافہ ہوا ہے۔
شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لوگ یو اے ای کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ، پاکستان کیساتھ تعلقات کو مزید مضبوط کریں گے، ہمارے تجارت، سرمایہ کاری اور ہوا بازی سمیت بہت سے مختلف شعبوں میں تعلقات آگے بڑھ رہے ہیں۔
بعد ازاں قومی ورثہ ثقافت ڈویژن اور وزارت ثقافت یو اے ای کے درمیان ثقافتی تعاون کی یادداشت پر دستخط ہوئے۔
خارجہ وزارتوں کے درمیان قونصلر امور کیلئے مشترکہ کمیٹی کے قیام پرتعاون کی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے جبکہ پاک یواےای مشترکہ بزنس کونسل کے قیام کیلئے تعاون کی یادداشت پر بھی دستخط ہوئے۔ یہ معاہدہ فیڈریشن آف پاکستان چیمبرآف کامرس اور یواےای کی ایوان صنعت و تجارت کے درمیان طے پایا۔