لاس اینجلس: آن لائن ٹیکسی سروس فراہم کرنے والی کمپنی نے صارفین کو آسان جلد اور سستی سواری فراہم کرنے کے لیے اسکوٹی متعارف کرانے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں آن لائن ٹیکسی سروس فراہم کرنے والی اوبر کمپنی نے ایک بار پھر اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے صارفین کے لیےموٹرسائیکل کے بعد اسکوٹی بائیک متعارف کرانے کا اعلان کردیا۔
اوبر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق صارفین مختصر فاصلے طے کرنے کے لیے الیکٹریکل اسکوٹیز استعمال کرسکیں گے اور اسے بھی عام ایپ سے استعمال کیا جاسکے گا۔
آن لائن ٹیکسی سروس فراہم کرنے والی کمپنی نے اس ضمن میں لائم نامی کمپنی سے معاہدہ کیا جو دنیا بھر میں ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کے لیے اقدامات کرتی ہے۔
اعلامیے کے مطابق اوبر اور سرمایہ کاری کرنے والی کمپنی اس حوالے سے ایک روٹ میپ تیار کریں گی جس کے بعد بڑی تعداد میں بیٹری سے چلنے والی اسکوٹیز کو مارکیٹ میں لایا جائے گا۔
اوبر کی جانب سے ابھی اس کے کرایہ یا سروس کی فراہمی کے حوالے سے کوئی حتمی اعلان نہیں کیا گیا البتہ غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے دوکمپنیوں نے معاہدہ طے کرلیا ہے۔