کراچی : بھینس کالونی میں ہلاک مبینہ ڈاکو ارشاد رانجھانی کا کرمنل ریکارڈ مل گیا، تین بار گرفتار ہوچکا ہے، یوسی چیئرمین کا کہنا ہے کہ لوٹنے کی کوشش ہوئی تو میں نے اپنے بچاؤ میں گولیاں چلائیں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز یوسی چیئرمین کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے مبینہ ڈاکو کے ہلاک ہونے کے واقعے کی گتھیاں سلجھنا شروع ہوگئیں، پولیس کو ارشاد رانجھانی کیخلاف اس کے گزشتہ جرائم کاریکارڈ مل گیا ہے، ارشاد رانجھانی کا کرمنل ریکارڈ سامنے آگیا۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق ارشاد رانجھانی دو ہزار تین سے تیرہ تک ڈکیتی اورغیر قانونی اسلحے کے مقدمات میں تین بار گرفتار ہوکر حوالات کی سیر کرچکا ہے ہوا، ڈیفنس نارتھ ناظم آباد اور بہادر آباد تھانوں میں گرفتاری کے وقت کی تصویریں بھی موجود ہیں۔
دوسری جانب ارشاد کو گولیاں مارنے والے یوسی چیئرمین رحیم شاہ کا کہنا ہے کہ لوٹنے کی کوشش کی گئی تو گولیاں چلائیں، انہوں نے کہا کہ ارشاد اور اس کے ساتھیوں نے پستول دکھا کر لوٹنے کی کوشش کی تو گاڑی کے اندر سے ہی فائر کیے۔
رحیم شاہ کا مزید کہنا ہے کہ مبینہ ڈکیت کو گولیاں مار کر زخمی کیا، واقعہ ہوتے ہی ون فائیو پر کال کرکے ایمبولنس کا کہا تھا، پولیس والے ارشاد کو ایمبولینس میں ڈال کر لے گئے مجھے تھانے آنے کا کہا تو میں تھانے چلا گیا، پولیس نے اسے اسپتال دیر سے کیوں پہنچایا اس کا مجھے کوئی علم نہیں۔
مزید پڑھیں: کراچی میں یوسی چیئرمین کی فائرنگ سے مبینہ ڈکیت کی ہلاکت معمہ بن گئی
ارشاد رانجھانی کے بھائی نے تمام الزامات مسترد کردیئے ہیں۔ ارشاد رانجھانی قوم پرست جماعت جئے سندھ تحریک کا مقامی صدر تھا۔ واضح رہے کہ واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد جسٹس فار ارشاد رانجھانی کے نام سے ہیش ٹیگ ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ رہا، سوشل میڈیا پہر لوگوں نے ارشاد کی ہلاکت پر انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔