احسن اقبال نے کہا ہے کہ اڑان پاکستان کا مقصد 2035 تک ملک کو ایک کھرب ڈالر کی معیشت بنانا ہے، اب وقت ہے ہم پاکستان کو دنیا کی عظیم قوم بنائیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اُڑان پاکستان ہمارے عزم، وژن اور خوداعتمادی کا مظہر ہے، ہماری حکومت کا ہدف پاکستان کو عالمی اقتصادی طاقت بنانا ہے، اُڑان پاکستان صرف خواب نہیں ایک عملی منصوبہ ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ سیاسی استحکام، پالیسیوں کا تسلسل اور قومی اتفاق ناگزیر ہے، 23 مارچ 1940 آزادی کی جدوجہد کا فیصلہ کن موڑ تھا، یوم پاکستان قومی شعور اور اجتماعی خودی کی علامت ہے۔
انھوں نے کہا کہ اس دن ہمیں قربانیوں کی یاد اور ذمہ داریوں کا احساس تازہ کرنا ہے، آج پاکستان صرف قائم نہیں بلکہ الحمد للہ نئی بلندیوں کی جانب گامزن ہے
ملک کو ترقی کی بلندیوں پر لےجانا اقبال کے خواب کی عملی تعبیر ہے، دنیا ایک نئے پاکستان کو ابھرتے ہوئے دیکھ رہی ہے، ایک ایسا پاکستان جو پُرعزم، باہمت اور مستقبل کی سوچ رکھنےوالا ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ ہم قومی یکجہتی، معاشی استحکام اور سماجی ترقی کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، آج ہم وعدہ کریں کہ خود کو اُڑان پاکستان کے وژن کےلیے وقف کرنا ہے۔
آکسفورڈ میں پی ٹی آئی کا مؤقف بری طرح پٹ گیا، ہمیں کامیابی ملی، احسن اقبال
احسن اقبال نے کہا کہ ترقی وقتی نعروں سے نہیں، مستقل محنت اور اصلاحات سے ممکن ہے، ہمیں ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر قومی مفاد کو ترجیح دینا ہوگی، قومی ترقی کا سفر برداشت، ہم آہنگی اور مکالمے سے جڑا ہے، نفرت نہیں برداشت، عزت اور اتفاق کی ضرورت ہے۔
انھوں نے کہا کہ پُرامن معاشرہ ہی تعلیم، تحقیق اور صنعت میں ترقی کرسکتا ہے، ہم اپنے بچوں کو تعلیم، سائنس اور اخلاقی اقدار سے مسلح کریں گے۔
ہمیں اپنی ذات سے بلند ہوکر پاکستان کی ترقی میں حصہ ڈالنا ہے، پاکستان کو جدید، خوشحال اور باوقار ریاست بنانا ہمارا مشن ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ اُڑان پاکستان کو قومی تحریک بنانے کا وقت آچکا ہے، ہر پاکستانی اپنے حصے کا کردار ادا کرے، یہی اصل حب الوطنی ہے، یہ ملک قربانیوں سے ملا، اب ہمیں اسے عظمت کی بلندیوں پر لے جانا ہے۔