منگل, فروری 18, 2025
اشتہار

برطانوی فضائی ٹریفک کنٹرول کی افراتفری مزید کئی دن رہنے کا امکان، لاکھوں‌ مسافر متاثر

اشتہار

حیرت انگیز

لندن: برطانوی فضائی ٹریفک کنٹرول کی افراتفری مزید کئی دن رہنے کا امکان ہے، برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ سسٹم کی تکنیکی خرابی کے باعث لاکھوں مسافر متاثر ہو چکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پیر کو ایئر ٹریفک کنٹرول میں تکنیکی خرابی کے باعث برطانیہ کی ایئر اسپیس مکمل بند کر دی گئی تھی، جس سے تمام ایئر پورٹس پر پروازوں کا شیڈیول درہم برہم ہو گیا تھا۔

اب برطانوی اخبار دی انڈیپنڈنٹ کا کہنا ہے کہ 1200 پروازیں منسوخ ہونے کے بعد برطانیہ کے فضائی ٹریفک کنٹرول کی افراتفری ’کئی دنوں تک رہے گی۔‘ اس کے علاوہ کئی ہزار پروازیں تاخیر کا بھی شکار ہو گئی ہیں، جس کی وجہ سے لاکھوں مسافر متاثر ہوئے۔

اخبار کے مطابق پیر کو کمپیوٹر میں سامنے آنے والی وسیع خرابی کی وجہ سے ایئر ٹریفک کنٹرول کرنے والا ڈیجیٹل سسٹم بیٹھ گیا تھا، جس کے بعد ایئر ٹریفک کنٹرولرز کو پروازوں کے راستے مینول طور پر دینے پڑے تھے۔ اگرچہ نیشنل ایئر ٹریفک سروسز کے بقول تکنیکی مسئلے کی شناخت اور اس کا تدارک جلد ہی کر لیا گیا تھا، تاہم انھوں نے خبردار کیا کہ پروازوں میں خلل کا سلسلہ کئی دن تک جاری رہ سکتا ہے۔

بی بی سی کے مطابق تکنیکی خرابی کے بعد ایئرپورٹس اور ایئر لائنز کی جانب سے مسافروں سے معافی بھی مانگی گئی، اور کچھ کیسز میں مکمل رقم کی واپسی کی پیشکش بھی کی گئی ہے، ایک برطانوی ایئر لائن نے متاثر ہونے والے مسافروں کے لیے 100 پاؤنڈ کے واؤچر کا اعلان کیا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں