ڈوور : جنوبی برطانیہ کے چینل پورٹ ٹاؤن ڈوور میں تارکین وطن کے لیے بنائے گئے پروسیسنگ سینٹر میں ایک شخص نے پیٹرول بم پھینک آگ لگادی، واردات کے بعد ملزم نے بھی خود کشی کرلی۔
عالمی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پروسیسنگ سینٹر میں بیک وقت تین بم پھینکے گئے تھے جس میں ایک شخص زخمی ہوا اور دفتر کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
کینٹ پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور کا تعاقب کیا گیا تاہم اس نے خود کو بارودی مواد سے اُڑا کر خودکشی کرلی، حملہ آور کی شناخت کا عمل جاری ہے جو شکل سے تارک وطن لگتا ہے۔
مذکورہ حملہ مقامی وقت کے مطابق تقریباً 11 بجکر 20منٹ پر ہوا ملزم ایک سفید رنگ کی گاڑی میں سوار تھا جہاں سے دو سے تین پیٹرول بم پھینکے گئے۔
واضح رہے کہ برطانیہ میں داخل ہونے کے لیے خطرناک راستے سے گزرنے کی کوشش کرنے والے غیر ملکیوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔
یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب برطانیہ میں امیگریشن کے بارے میں سیاسی بحث جاری ہے، حکومت کو بعض حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے کہ پناہ گزینوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا جا رہا ہے۔
پولیس کے مطابق حملہ آور کی شناخت کا عمل جاری ہے جو شکل سے تارک وطن لگتا ہے، دفتر میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا۔ مذکورہ دفتر چھوٹی کشتیوں کے ذریعے آنے والے تارکین وطن کا ریکارڈ رکھنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، واقعے کے محرکات کا تاحال پتا نہیں چل سکا۔