اسلام آباد: وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری سے برطانوی رکن پارلیمنٹ برینڈن لیوس نے ملاقات کی، فواد چوہدری نے کہا کہ دونوں ملکوں کے دو طرفہ تعلقات تاریخی اعتبار سے مضبوط ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے برطانوی رکن پارلیمنٹ سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری اور سیاحت کے شعبے میں پوری دنیا کے لیے کھلا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ویزا پالیسی میں بہتری کے ساتھ الیکٹرانک ویزا بھی متعارف کرایا، پاک برطانیہ تعلقات کو عوام کے لیے مزید مضبوط اور فائدہ مند بنانے کے لے پر عزم ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی میں نمایاں کمی آئی ہے، امن و امان کی صورت حال میں بہتری سے پاکستان میں سیاحت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: فواد چوہدری نے سلطنت برطانیہ سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیوں کیا؟
انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی تاریخی ثقافت، پہاڑی سلسلے اپنی مثال آپ ہیں، دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے شمالی علاقہ جات کی خوب صورتی مسحور کن ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ فلم کے ذریعے ثقافت کا فروغ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، فلم کسی بھی معاشرے کی اقدار اور ثقافت کی عکاسی کا مؤثر ذریعہ ہے، ماضی میں پاکستان دنیا میں فلمیں بنانے والا تیسرا بڑا ملک تھا۔
یاد رہے کہ 11 اپریل کو وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سلطنت برطانیہ سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا، وزیر اطلاعات نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وہ اس مطالبے کی حمایت کرتے ہیں کہ سلطنت برطانیہ جلیانوالہ باغ قتل عام اور قحط بنگال پر پاکستان، بھارت اور بنگلا دیش سے معافی مانگے۔