جمعرات, مئی 8, 2025
اشتہار

برطانیہ کا ویزا درخواستوں کے حوالے سے بڑا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

آکسفورڈ: برطانوی اخبار نے ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ برطانیہ ان ملکوں کی ویزا درخواستوں کو محدود کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے جن کا ویزے کی مقررہ مدت سے زیادہ قیام یا سیاسی پناہ لینے کا امکان زیادہ ہے۔

ٹائمز اخبار کے مطابق ہوم آفس کی جانب سے پاکستان، نائیجیریا اور سری لنکا سمیت بعض ممالک کے شہریوں کی جانب سے ورک اور اسٹڈی ویزے کی درخواستوں پر سخت شرائط لگ سکتی ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان منصوبوں کا اعلان جلد ہی امیگریشن وائٹ پیپر میں کیا جائے گا، کیوں کہ حکومت امیگریشن کےاعداد و شمار کو قابو کرنا چاہتی ہے۔

لیبر پارٹی نے اپنے منشور میں وعدہ کیا تھا کہ وہ امگریشن کی تعداد میں کمی لائے گی، پارٹی نے کہا کہ خالص نقل مکانی کی مجموعی سطح کو ’’مناسب طریقے سے کنٹرول اور منظم کیا جانا چاہیے۔‘‘

ہوم آفس کے ترجمان نے کہا: ’’جو لوگ ورک اور اسٹوڈنٹ ویزے پر آتے ہیں اور سیاسی پناہ کا دعویٰ کرتے ہیں، ہم ان افراد کی پروفائل پر انٹیلیجنس بنا رہے ہیں تاکہ ان کی جلد اور تیزی سے شناخت کی جا سکے، جہاں ہمیں ایسے عوامی رجحانات کا پتا چلتا ہے جو ہمارے امیگریشن قوانین کو نقصان پہنچا سکتے ہیں، تو ہم کارروائی کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کریں گے۔‘‘ انھوں نے کہا ’’ہمارا آنے والا امیگریشن وائٹ پیپر ہمارے ٹوٹے ہوئے امیگریشن سسٹم کو بحال کرنے کے لیے ایک جامع منصوبہ ترتیب دے گا۔‘‘

گزشتہ ماہ جاری کیے گئے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ برطانیہ میں ویزے کے لیے درخواست دینے والے تارکین وطن کی تعداد میں ایک سال میں ایک تہائی سے زیادہ کی کمی واقع ہوئی ہے۔ ورکر، اسٹڈی، اور فیملی ویزا کیٹیگریز میں مارچ 2025 تک 772,200 افراد کی درخواستیں موصول ہوئیں، جو پچھلے 12 مہینوں میں تقریباً 1.24 ملین کے مقابلے میں 37 فی صد کم ہے۔

اہم ترین

مرزا آفتاب بیگ
مرزا آفتاب بیگ
مرزا آفتاب بیگ صحافت سے 1994ء سے منسلک ہیں 2016ء میں اے آر وائی نیوز کو بحثیت رپورٹر جوائن کیا پاکستان میں اکنامکس اور برطانیہ میں ریڈیوگرافی میں گریجویشن کی صحافت کے ساتھ ساتھ آکسفورڈ ہسپتال میں ایم آر آئی ریڈیوگرافر کی حیثیت سے فرائض بھی انجام دے رہے ہیں

مزید خبریں