لندن: برطانیہ نے امیگریشن کنٹرول کے لیے سخت اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس میں طلبہ کے لیے بھی بری خبر ہے۔
برطانوی سیکریٹری داخلہ کے مطابق برطانیہ میں اب ورکرز کی کمی کو پورا کرنے کے لیے مقامی لوگوں پر سرمایہ کاری کی جائے گی، جس کے لیے کیئر ویزہ کے قوانین میں تبدیلی کی جا رہی ہے۔
برطانوی سیکریٹری داخلہ کا کہنا ہے کہ بیرون ممالک سے ورکرز کے حصول کو سخت بنایا جا رہا ہے، اوورسیز طلبہ کو کام کی اجازت پر بھی نظر ثانی کی جائے گی۔
برطانوی سیکریٹری داخلہ کے مطابق جرائم میں ملوث اوورسیز کے خلاف بھی سخت اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے، جو غیر ملکی جرائم میں ملوث ہوں گے ان کا ویزہ منسوخ کر دیا جائے گا۔
برطانیہ کا ویزا درخواستوں کے حوالے سے بڑا اعلان
یاد رہے کہ جمعرات کو برطانوی اخبار نے ایک رپورٹ میں بتایا تھا کہ برطانیہ ان ملکوں کی ویزا درخواستوں کو محدود کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے جن کا ویزے کی مقررہ مدت سے زیادہ قیام یا سیاسی پناہ لینے کا امکان زیادہ ہے۔
ٹائمز اخبار کے مطابق ہوم آفس کی جانب سے پاکستان، نائیجیریا اور سری لنکا سمیت بعض ممالک کے شہریوں کی جانب سے ورک اور اسٹڈی ویزے کی درخواستوں پر سخت شرائط لگ سکتی ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ان منصوبوں کا اعلان جلد ہی امیگریشن وائٹ پیپر میں کیا جائے گا، کیوں کہ حکومت امیگریشن کےاعداد و شمار کو قابو کرنا چاہتی ہے۔