لندن: پاکستان کی طرح برطانیہ بھی منی لانڈرنگ کا شکار ہے، منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے پاکستان سمیت 100 سے زائد ممالک کے ساتھ معاہدہ کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق برطانیہ نے منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے بڑا اقدام اٹھا لیا، برطانوی ٹیکس ڈیپارٹمنٹ ایچ ایم آر سی نے نئے قوانین پرعمل درآمد شروع کر دیا۔
[bs-quote quote=”برطانیہ سالانہ اربوں پاؤنڈز کی منی لانڈرنگ کا شکار ہے: این سی اے” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]
برطانیہ نے منی لانڈرنگ روکنے کے لیے 100 سے زائد ممالک کے ساتھ معاہدہ کر لیا، ان ممالک میں پاکستان بھی شامل ہے، نیشنل کرائم ایجنسی کا کہنا ہے کہ برطانیہ سالانہ اربوں پاؤنڈز کی منی لانڈرنگ کا شکار ہے۔
منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے جن ممالک کے ساتھ معاہدہ کیا گیا ہے، معاہدے کی رو سے ان ممالک کے ٹیکس ڈیپارٹمنٹ اور بینکوں سے معلومات کا تبادلہ ہوگا۔
دریں اثنا برطانوی ٹیکس ڈیپارٹمنٹ نے شہریوں پر نیا قانون لاگو کر دیا، برطانوی شہریوں کو اپنے بیرونِ ملک اثاثے اور آمدن کی تفصیلات 30 ستمبر تک ظاہر کرنا تھی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان منی لانڈرنگ میں ٹاپ تھری ملکوں میں سے ہے، رپورٹ
برطانیہ نے اپنے شہریوں پر نیا قانون یکم اکتوبر سے لاگو کیا، اثاثے اور آمدن کی تفصیلات ظاہر نہ کرنے والے شہریوں پر بھاری جرمانے عائد ہوں گے، جب کہ آمدن سے زائد اثاثے رکھنے والوں پر بھی کڑی نظر رکھی جائے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ اسکینڈل میں اومنی گروپ کے 19 اداروں کے بینک اکاؤنٹس منجمد کیے ہیں، ان اکاؤنٹس میں 33 کروڑ روپے سے زائد رقم موجود ہے۔
برطانیہ میں منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار ہونے والے پاکستانی شہری فرحان جونیجو کی جائیداد اور منی ٹریل بھی سامنے آ گئی ہے، ملزم نے 2012 میں 35 ملین ڈالر دبئی بھیجے۔