اسلام آباد: برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت میں پائیدار جنگ بندی یقینی بنانے، اعتماد سازی کے اقدامات اور بات چیت کیلیے امریکا کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کو دیے گئے انٹرویو میں برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے کہا کہ ہم امریکا کے ساتھ اس بات کو یقینی بنانے کیلیے کام جاری رکھیں گے کہ پاکستان اور بھارت میں پائیدار جنگ بندی اور بات چیت ہو۔
ڈیوڈ لیمی نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت کے ساتھ مل کر کام کریں گے کہ دونوں فریقین کے درمیان اعتماد اور اعتماد سازی کے اقدامات کیسے حاصل کر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت چھوٹی نہیں بڑی ایٹمی طاقتیں ہیں، ٹرمپ
برطانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے پڑوسی ہیں جن کی ایک طویل تاریخ ہے مگر ان میں پچھلے کچھ عرصے کے دوران بمشکل کوئی بات ہوئی ہو، ہم اسی بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ مزید کشیدگی نہ ہو اور جنگ بندی برقرار رہے۔
بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ہم فریقین سے معاہدے کی ذمہ داریوں کو پورا کرنے پر زور دیں گے۔
بھارت کے بزدلانہ آپریشن سندور کے جواب میں پاکستان کے آپریشن بنیان مرصوص کے بعد دونوں میں فوری جنگ بندی ہوئی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر پاکستان اور بھارت میں جنگ بندی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ دونوں ممالک میں مذاکرات کسی تیسرے ملک میں ہونے چاہئیں، مگر اس کیلیے انہوں نے تاریخ یا مقام کا اعلان نہیں کیا تھا۔