لندن: برطانیہ گرمی کی لہر کی لپیٹ میں ہے، مختلف شہروں میں گرمی کا چالیس سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق برطانیہ میں شدید گرمی کے سبب لوگوں نے ساحل سمندر کا رخ کرلیا، حکام نے گرم موسم میں لوگوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
برطانوی میٹ آفس کے مطابق درجہ حرارت میں اضافے اور بارشوں میں کمی کی وجہ سے کئی سرسبز علاقے خشک ہونا شروع ہوگئے ہیں جبکہ گرمی میں اضافے کا امکان ہے۔
برطانوی میٹ آفس کے مطابق کل بھی گرمی کی شدت برقرار رہے گی، پارہ 37 ڈگری تک جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
برطانوی محکمہ موسمیات کے مطابق لندن اور جنوبی مشرقی علاقوں میں کل بھی ریکارڈ گرمی پڑنے کا امکان ہے، جہاں درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے کل انگلینڈ کی جنوب مشرقی اور شمال مشرقی حصوں میں بارشوں اور تیز ہوائیں چلنے کی بھی پیش گوئی کی ہے، اس سے قبل برطانیہ میں جولائی کا سب سے زیادہ درجہ حرارت 2015 میں 36.7 ڈگری سینٹی گرڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔