جمعہ, دسمبر 27, 2024
اشتہار

یوکرین سرحد پر روسی فوج مزید بڑھادی گئی، نیٹو کا الزام

اشتہار

حیرت انگیز

برسلز : اتحادی افواج نیٹو کا کہنا ہے کہ روسی فوج سرحد سے واپس نہیں گئی بلکہ مزید بڑھا دی گئی ہے. اطلاعات کے مطابق روس اور یوکرین کے درمیان جاری تنازع پر نیٹو نے روسی افواج کی واپسی کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے روس پر فوجی دستے بڑھانے کا الزام عائد کردیا۔

نیٹو اور امریکا دونوں کا کہنا ہے کہ روسی فوج کا جزوی یا واضح انخلا دیکھنے میں نہیں آیا لیکن کریملن سے سفارت کاری جاری رکھنے کے اشارے ملے ہیں۔

یوکرین کے وزیر دفاع کا کہنا ہے ملک میں سیکورٹی صورتِ حال مستحکم ہے، دوسری جانب روس یوکرین کشیدگی میں کمی کے آثار کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں 4 فیصد تک کمی دیکھی گئی ہے۔

- Advertisement -

اس سے قبل ایک سینیئر امریکی اہلکار کے مطابق گذشتہ چند دنوں میں ہی روس کے سات ہزار اضافی فوجی یوکرین کی سرحد پر پہنچے ہیں اور روس کسی بھی وقت کوئی جھوٹا بہانہ بنا کر یوکرین پر حملہ کر سکتا ہے۔

روس کے عسکری حکام یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ یوکرین کی سرحد کے قریب تعینات فوجیوں میں سے کچھ کو واپس بلا رہے ہیں۔

روسی حکام کی جانب سے اس اعلان کو کشیدگی میں ممکنہ کمی کی جانب پہلے اشارے کے طور پر دیکھا گیا تھا تاہم مغربی ممالک کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ابھی تک روسی فوجوں کے انخلاء کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔

واضح رہے کہ روس نے کرائمیا میں جاری فوجی مشقوں کے اختتام کا اعلان کردیا ہے، روسی وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ ساودرن ملٹری ڈسٹرکٹ کے یونٹس اسٹریٹیجک مشقیں مکمل کرنے کے بعد مستقل تعیناتی کے مقام کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

روسی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ ٹینک، گاڑیاں اور توپ خانہ ریل کے ذریعے کرائمیا سے روانہ ہو رہے ہیں۔ یوکرین کشیدگی پر ماسکو میں روسی صدر پوتن اور جرمن چانسلر اولف شولز کے درمیان ملاقات ہوئی تھی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں