ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

یوکرین کا "کیف” کبھی عظیم روسی سلطنت کا دارُالحکومت ہوا کرتا تھا

اشتہار

حیرت انگیز

"کیویائی روس” قرونِ وسطیٰ کی ایک ریاست تھی، جو 880ء سے 12 ویں صدی تک کیف (موجودہ یوکرین کے دارُ الحکومت) اور اس کے ارد گرد کے علاقوں پر مشتمل تھی۔ تاریخ بتاتی ہے کہ اس کی بنیاد سکینڈے نیویا کے تاجروں (ورانجیئن) نے رکھی تھی جو "رس” کہلاتے تھے۔

بعض مؤرخین کے مطابق روس ریاست یوکرین کی ابتدائی پیش رو تھی۔ آج کا جنگ سے متاثرہ علاقہ کیف اس زمانے میں‌ قدیم روسی سلطنت کا دارُالحکومت تھا اور 1654ء میں روس اور یوکرین ایک معاہدے کے تحت زارِ روس کی سلطنت میں باہم متحد ہوگئے تھے، تاہم روسی سلطنت کے دور سے یوکرین میں علیحدگی پسند جذبات اور خودمختاری کی خواہش بھی کسی نہ کسی طور پر موجود رہی۔ اس دوران روس کئی تبدیلیوں اور انقلاب سے گزرا اور پھر وہ وقت آیا جب سوویت یونین کی شکل میں دنیا کی اس عظیم طاقت کا شیرازہ بکھر گیا۔

1991ء میں سوویت یونین کا خاتمہ ہوا تو یوکرین سمیت 14 آزاد ریاستیں قائم ہوئیں۔ تاہم یوکرین کو علیحدہ ملک کے طور پر تسلیم کرنا کئی تاریخی اسباب کی وجہ سے روس کے لیے خاصا دشوار معاملہ رہا ہے۔ کیوں‌ کہ روس اور یوکرین کے مابین تعلق نویں صدی سے شروع ہوتا ہے اور کیف سلطنت اور بعد میں ریاست کا اہم مرکز رہا ہے۔ اس عظیم اور دیرینہ تعلق نے مقامی لوگوں کو بھی عجب مخمصے اور کشمکش میں رکھا جس میں یوکرین سے الگ ہونے کے خواہش مند علاقوں کے ‘اعلانِ آزادی’ کے بعد یوکرین کو روس جیسی طاقت سے جنگ لڑنا پڑ رہی ہے۔ یہ علیحدگی پسند علاقے ڈونٹیسک اور لوہانسک ہیں‌۔

روس نے بدھ 22 فروری کو مشرقی ان یوکرائنی علیحدگی پسند علاقوں میں فوجی دستوں کو ’قیامِ امن کے ذمہ دار فوجی دستے‘ قرار دے کر داخل کردیا۔ ان دونوں علاقوں کی خودمختاری کے اعلان پر روس نے انھیں‌ آزاد ریاستوں کے طور پر بھی تسلیم کر لیا ہے۔ اور فوجی دستوں کے بعد روس نے یوکرائن پر بڑا حملہ بھی کر دیا۔

ادھر یوکرائن اپنے دفاع اور جنگ سے پیچھے ہٹتا نظر نہیں‌ آرہا جب کہ روس کی عسکری طاقت کے سامنے اس کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ 1991ء میں جب سوویت یونین ٹکڑے ٹکڑے ہوا تھا تو جو آزاد اور خودمختار ریاستیں وجود میں آئی تھیں، ان میں یوکرین بھی شامل تھا جو صدیوں سے ریاست کا حصّہ رہا تھا۔

سوویت یونین کے بطن سے جنم لینے والی ریاستوں میں‌ قزاقستان نے 16 دسمبر 1991ء، ترکمانستان 27 اکتوبر، آرمینیا 21 ستمبر کو، تاجکستان 9 ستمبر، کرغیزستان اور ازبکستان 31 اگست، آذربائیجان 30 اگست کو جب کہ مالدووا نامی ملک 27 اگست، بیلا روس 25 اگست اور یوکرائن 24 اگست کو آزاد ہوا تھا۔ اسی طرح لٹویا، ایسٹونیا، جارجیا اور لیتھوانیا بھی نئی ریاست بن کر ابھرے تھے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں