پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

روس نے یوکرینی ٹرین پر میزائل داغ دیا، 22 ہلاک

اشتہار

حیرت انگیز

کیف: یوکرین کے یومِ آزادی پر روسی فوج نے یوکرین کے ریلوے اسٹیشن پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں 22 افراد ہلاک، اور 50 زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق کیف میں حکام نے کہا ہے کہ ملک کے یوم آزادی کے موقع پر مشرقی یوکرین میں ایک روسی میزائل حملے میں 22 شہری ہلاک اور ایک مسافر ٹرین کو آگ لگ گئی۔

اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل سے جذباتی وڈیو خطاب میں یوکرینی صدر زیلنسکی نے کہا کہ روسی راکٹ مشرقی یوکرین میں ٹرین سے ٹکرائے، انھوں نے کہا روس کے حملے نے یوکرین کو دربارہ جنم دیا ہے، ہم روسی فوج کو یوکرین سے مکمل طور پر نکال دیں گے۔

دوسری طرف یوکرین کے یومِ آزادی پر دارلحکومت کیف سمیت دیگر شہروں میں کرفیو نافذ رہا، ہر قسم کے عوامی اجتماع پر پابندی عائد رہی، جب کہ امریکا، یونان، برطانیہ، جرمنی، بیلجیم اور کینیڈا میں یوکرین کے یومِ آزدی پر شہریوں نے ریلیاں نکالیں اور روس کی یوکرین میں کارروائی کی شدید مخالفت کی۔

بدھ کو دیر گئے اقوام متحدہ سے خطاب کرتے ہوئے یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے کہا کہ راکٹ مشرقی یوکرین میں ڈونیٹسک سے تقریباً 145 کلومیٹر (90 میل) مغرب میں واقع چیپلین قصبے کے ایک اسٹیشن پر ایک ٹرین سے ٹکرائے۔

روس کو کمزور کرنے کے لیے بڑا امریکی پیکج

زیلنسکی نے کہا کہ امدادی کارکن کام کر رہے ہیں لیکن بدقسمتی سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔ یوکرین کی صدارتی انتظامیہ کے نائب سربراہ اور زیلنسکی معاون کیریلو تیموشینکو نے اپنے ٹیلی گرام چینل پر ایک پیغام میں کہا کہ حملے میں ایک 11 سالہ بچہ بھی ہلاک ہوا۔

معاون نے تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ روسی افواج نے چیپلین پر دو بار گولہ باری کی، پہلے حملے میں ایک لڑکا مارا گیا جب ایک میزائل اس کے گھر پر لگا، اور 21 افراد بعد میں اس وقت مارے گئے جب راکٹ ریلوے اسٹیشن پر گرے اور ٹرین کی پانچ بوگیوں کو آگ لگ گئی۔

خیال رہے کہ بدھ کو یہ حملہ اس وقت ہوا جب زیلنسکی نے خبردار کیا تھا کہ روس یوکرین کی آزادی کی 31 ویں سالگرہ کے موقع پر تقریبات میں خلل ڈالنے کے لیے کوئی سنگین حرکت کر سکتا ہے، بدھ کو روس یوکرین جنگ کو بھی 6 ماہ مکمل ہو گئے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں