منگل, اپریل 29, 2025
اشتہار

روس کے یک طرفہ جنگ بندی کے اعلان پر یوکرین کا ناراضی بھرا مؤقف سامنے آ گیا

اشتہار

حیرت انگیز

کیف: روس کی جانب سے ایک بار پھر یک طرفہ جنگ بندی کے اعلان پر یوکرین نے ناراضی بھرا مؤقف ظاہر کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یوکرین نے کہا ہے کہ جنگ بندی حقیقی ہونی چاہیے، صرف پریڈ کے لیے نہیں، روس اگر حقیقی معنوں میں خطے میں امن چاہتا ہے تو فوری طور پر سیز فائر کا اعلان کرے۔

روئٹرز کے مطابق یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے پیر کے روز کہا کہ دنیا پیوٹن کی 3 سال سے زیادہ پرانی جنگ میں جنگ بندی کے اعلان کے لیے 8 مئی تک انتظار نہیں کرنا چاہتی، جو صرف چند دنوں کے لیے نافذ العمل ہوگی۔

زیلنسکی نے اپنے رات کے ویڈیو خطاب میں طنز کرتے ہوئے کہا ’’کسی وجہ سے سب کو 8 مئی کا انتظار کرنا ہے اور اس کے بعد ہی جنگ بندی کی جائے گی، تاکہ پیوٹن سکون کے ساتھ پریڈ میں شریک ہو سکیں۔‘‘


روس کا یوکرین سے عارضی جنگ بندی کا اعلان


یوکرینی صدر نے کہا ’’ہم لوگوں کی جانوں کی قدر کرتے ہیں نہ کہ پریڈ کی۔ ہمارا ماننا ہے کہ دنیا مانتی ہے کہ 8 مئی کا انتظار کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے، اور جنگ بندی صرف چند دنوں کے لیے نہیں ہونی چاہیے تاکہ قتل و غارت گری دوبارہ شروع ہو جائے۔‘‘ انھوں نے کہا ’’حقیقی سفارت کاری کی بنیاد فراہم کرنے کے لیے کم از کم 30 دنوں کے لیے مکمل اور غیر مشروط جنگ بندی کی جائے۔‘‘

ادھر یوکرین کے وزیر خارجہ نے بھی روس سے فوری طور پر ایک ماہ کی جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ روس امریکی صدر کے تجویز کردہ طویل مدتی سیز فائر پر عمل درآمد کرے۔

واضح رہے کہ روس نے 8 مئی سے یوکرین میں 3 روز کے لیے جنگ بندی کا ایک بار پھر یک طرفہ اعلان کیا ہے، کریملن نے ایک بیان میں کہا کہ یوکرین میں سہ روزہ سیز فائر کا فیصلہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کیا گیا ہے، فوجی کارروائیاں 8 مئی کی صبح سے 11 مئی آدھی رات تک معطل رہیں گی، یقین ہے یوکرین بھی روسی اقدام کے جواب میں جنگ بندی پر عمل پیرا ہوگا۔

واضح رہے کہ روس میں 9 مئی نازی جرمنی پر سویت یونین کی فتح کی یاد کے طور پر منایا جاتا ہے، روس کی جانب سے سہ روزہ جنگ بندی جنگ عظیم دوم میں فتح کی 80 ویں سالگرہ پر ہوگی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں