امریکی صدر ٹرمپ نے یوکرینی ہم منصب پر تنقید کرتے ہوئے انہیں غیر مقبول اور مزاحیہ اداکار قرار دیا تھا جس کا زیلنسکی نے کرارا جواب دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کیف میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ کی تنقید پر انہیں کرارا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ روس کی غلط معلومات کو دہرا رہے ہیں۔
زیلنسکی نے پریس کانفرنس میں امریکی صدر کے کئی دعووں کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں ایک قوم کے رہنما کے طور پر امریکی صدر ٹرمپ اور ان کی قوم کا احترام کرتا ہوں لیکن بدقسمتی سے ڈونلڈ ٹرمپ اس وقت غلط معلومات اور روس کی گمراہ کن دنیا میں جی رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ دنوں فلوریڈا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوکرین کے صدر کو غیر مقبول رہنما قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ زیلنسکی کی مقبولیت 4 فیصد سے بھی کم ہے۔
گزشتہ روز امریکی صدر نے سوشل میڈیا پر متنازع بیان جاری کرتے ہوئے زیلنسکی کو مزاحیہ اداکار قرار دیتے ہوئے کہا تھا کی یوکرینی صدر نے اپنی جنگ میں امریکا کو جھونک دیا۔
انہوں نے لکھا تھا کہ یوکرین کے صدر زیلینسکی ایسے کامیڈین تھے جنہیں اپنے شعبے میں بھی محدود کامیابی حاصل ہوئی تھی۔ مگر انہوں نے امریکا کو ورغلا کر ایک ایسی جنگ میں ساڑھے تین سو ارب ڈالر جھونکنے پر آمادہ کر لیا جو یوکرین جیت بھی نہیں سکتا تھا۔