لاہور: قومی ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بلے باز ذوالقرنین حیدر بھی عمر اکمل کے خلاف میدان میں آگئے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق قومی ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بلے باز ذوالقرنین حیدر نے کہا ہے کہ عمر اکمل پر تاحیات پابندی لگائیں اور ان کی جائیداد بھی ضبط کریں۔
ذوالقرنین حیدر نے کہا کہ 2010 میں ان لوگوں نے مجھے ڈرایا دھمکایا، میں کم عمر تھا دباؤ برداشت نہ کرسکا، یہ ایک پورا مافیا گروپ ہے، پی سی بی کو ان کے خلاف سخت کارروائی کرنا ہوگی۔
یاد رہے کہ نومبر 2010 میں ذوالقرنین حیدر پاکستان اور جنوبی افریقا کے مابین دبئی میں ہونے والی ون ڈے سیریز کے دوران اچانک ٹیم کا ساتھ چھوڑ کر لندن چلے گئے۔
مزید پڑھیں: عمر اکمل پر تین سال کی پابندی عائد
لندن پہنچنے کے بعد ان کا کہنا تھا کہ میچ فکسرز کی جانب سے انہیں اور ان کے اہلخانہ کو قتل کی دھمکیاں دی جارہی تھیں جس کے باعث انہیں قومی ٹیم کا ساتھ چھوڑ کر لندن آنا پڑا۔
ذوالقرنین حیدر نے بعدازاں اعتراف کیا تھا کہ دبئی میں قومی ٹیم کا ساتھ چھوڑ کر جانا ان کی غلطی تھی اور انہیں اپنے خدشات اسی وقت ٹیم مینجمنٹ سے رابطہ کرکے انہیں بتادینے چاہئے تھے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے میچ فکسکنگ کی پیشکش سے متعلق ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے کیس میں کرکٹر عمر اکمل پر 3 سال کی پابندی عائد کی تھی۔