لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سابق ہیڈ کوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ عمر اکمل کا کوئی مخالف نہیں بلکہ وہ اپنے دشمن خود بنے ہوئے ہیں، مکی آرتھر اور عمر اکمل کے تنازع کو بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہیے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وقار یونس نے کہا کہ عمر اکمل اپنے پاؤں پر خود کلہاڑی مار رہے ہیں مجھے ان پر ترس آتا ہے مگر انہیں رویہ بہتر بنانے کے لیے موقع ملنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ شوکاز نوٹس مسائل کا حل نہیں ہوسکتے مکی آرتھر اور عمر اکمل کے درمیان جاری تنازع کو مل بیٹھ کر حل کرلینا چاہیے۔
وقار یونس نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی ٹیم میں شمولیت خوش آئند ہے نئے ٹیلنٹ کو قومی اسکواڈ کا حصہ بنتے رہنا چاہیے، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کرنا چاہیے۔
سابق کوچ نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی جیتنے سے دنیا کا پاکستان کرکٹ پر اعتماد بحال ہوا ہے، ورلڈ الیون کے پاکستان آنے سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی راہ ہموار ہوگی تاہم ورلڈ الیون کے میچز کراچی میں بھی ہونے چاہئیں۔
یہ بھی پڑھیں: ہیڈ کوچ پرالزام، عمراکمل نے شوکاز نوٹس کا جواب دے دیا
انہوں نے کہا کہ میری سفارشات کو پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے استعمال کیا جارہا ہے، ڈائریکٹرز، سلیکٹرز، اکیڈمیز، پچز، گیندوں اور ٹیموں کی کمی کے حوالے سے اپنی سفارشات پر عمل درآمد ہوتا دیکھ کر خوشی ہوئی۔
ایک سوال کے جواب میں وقار یونس نے کہا کہ وسیم اکرم سے متعلق نہ ہی کہلوائیں تو بہتر ہوگا، پی ایس ایل کی فرنچائز ملتان کے ساتھ بات چیت ہوئی لیکن وہ حتمی نتیجے پر پہنچے بغیر ختم ہوگئی۔