لاہور: ٹیسٹ کرکٹرعمراکمل نے حال ہی میں انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ جم میں محنت کررہے ہیں اور مزید فٹ ہونے کی کوشش کررہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ٹیسٹ کرکٹر عمراکمل ٹیم سے ڈراپ ہونے کے بعد اپنی فٹنس پرخصوصی توجہ دے رہے ہیں اور اس حوالے سے وہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ویڈیوز پوسٹ کرتے رہتے ہیں جس میں انہیں جم میں بھرپور محنت کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
عمراکمل رواں برس مئی میں قومی کرکٹ ٹیم کے 15 رکنی اسکواڈ کے ہمراہ چیمپیئنز ٹرافی کھیلنے کے لیے انگلینڈ روانہ ہوتے تھے لیکن انہیں ایونٹ سے قبل ہی فٹنس ٹیسٹ میں ناکامی کے بعد ڈراپ کردیا گیا تھا۔
عمر اکمل چیمپیئنز ٹرافی سے باہر
بعدازاں عمراکمل کی جگہ کرکٹ ٹیم میں حارث سہیل کو ٹیم میں شامل کرلیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ عمراکمل نے انسٹاگرام پر اپنی ویڈیو شیئر کی تھی اور اپنے پیغام میں کہا تھا کہ آج کا جم سیشن اچھا رہا۔
اس سے قبل 2 اگست کو عمراکمل نے انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ انہوں نے فٹنس ٹیسٹ دیا ہے اور انہوں نے اپنے ٹرینر اور جم اسٹاف کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔
یاد رہے کہ رواں سال 25 جولائی کو عمراکمل نے اپنے ایک اور پیغام میں کہا تھا کہ جب تک وہ جم میں محنت نہ کرلیں تب تک ان کا دن اچھا نہیں گزرتا۔
واضح رہے کہ عمر اکمل کی جم ویڈیوز سے ان کے مداح تو متاثر ہوتے ہیں لیکن دیکھنا ہوگا کہ یہ پی سی بی کو کب متاثر کرتی ہیں۔