لاہور : مشیر اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ کا کہنا ہے کہ عمران خان پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات میں جو بھی حقائق آئیں گے وہ قوم کے سامنے لائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق مشیر اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا وفاقی حکومت نے جے آئی ٹی پر اعتراض اٹھائے جسےپنجاب حکومت نے مسترد کردیا ہے۔
عمر سرفراز چیمہ کا کہنا تھا کہ عمران خان پر فائرنگ واقعے پر جے آئی ٹی نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے، امید ہے جےآئی ٹی ممبران پیشہ وارانہ طریقے سے معاملے کو دیکھیں گے اور تحقیقات میں جو بھی حقائق آئیں گےوہ قوم کے سامنے لائیں گے۔
مشیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ پنجاب حکومت کی توجہ عوامی مسائل کے حل پر ہے، وفاقی جتھہ انتقامی کارروائیوں میں مصروف ہے، وفاق کے پاس معاملات کو الجھانے کے سوا کچھ نہیں ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کے راستے میں رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں، وفاق میں بیٹھا ہوا ڈاکو ماحول خراب کر رہا ہے ، جے آئی ٹی آئین اور قانون کے مطابق ہے۔