کامیڈین لیجنڈ عمر شریف کے ساتھی فنکار ان کی باتیں بتاتے ہوئے جذباتی ہوگئے اور نمناک آنکھوں سے اپنے پیارے محسن، استاد اور دوست کو یاد کرتے رہے۔
پاکستان میں مزاحیہ تھیٹر کی دنیا پر ایک عرصے تک راج کرنے والے نامور اداکار عمر شریف کے جانے سے نہ صرف عوام بلکہ ان کے قریبی ساتھی بھی بے حد غمگین اور اداس ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام "ہمارے مہمان” میں میزبان فضا شعیب نے ان فنکاروں سے عمر شریف کے ساتھ گزارے ہوئے لمحات اور ان کی عادات سے متعلق سوالات کیے۔
عمر شریف کے بارے میں اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ان کے ساتھی اور جونیئر فنکاروں نے انھیں ایک ایسا فنکار قرار دیا جن کے نام اور کام کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
اداکار سلیم آفریدی کا کہنا تھا کہ عمر شریف کا تاثر قیامت تک قائم رہے گا۔ جب تک لوگ ہیں ،جب تک وہ ہنسنا چاہیں گے عمر شریف زندہ رہے گا۔ وہ اکثر مہدی حسن کی غزلیں اور احمد رشدی کا کوکوکورینا گنگنایا کرتے تھے۔
پروگرام "ہمارے مہمان” میں اسٹیج اداکارہ سلومی عزیز، نعیمہ گرج، شکیل صدیقی، سلیم آفریدی، نذر حیسن، علی حسن اور دیگر موجود تھے۔
سینیئراداکار نذر حیسن نے بتایا کہ میں عمر شریف کو جب سے جانتا ہوں جب انہوں نے پہلا ڈرامہ کیا، وہ دوستوں کی خوشیوں میں خوش ہوتا اور دوستوں کے دکھ اسے دکھی کر دیتے تھے۔
اداکار نذر حیسن عمر شریف کا ذکر کرتے ہوئے پھوٹ پھوٹ رو پڑے، ان کا کہنا تھا کہ اس کی نیکیاں گنوائی نہیں جا سکتیں اور خوبیاں بیان نہیں کی جا سکتیں۔‘
عمرشریف کے دیرینہ ساتھی اور کامیڈین شکیل صدیقی نے کہا کہ عمر بھائی دنیا کے واحد میگا اسٹار تھے جو ایک مکمل ون مین شو تھے بلکہ میں انہیں "شو مین” کہوں گا جو تن تنہا پروڈیوسر، رائٹر، ڈائریکٹر، ایکٹر، ڈسٹری بیوٹر، میوزک ڈائریکٹر اور شاعر کے علاوہ نجانے کیا، کیا تھے۔