کراچی: امریکا میں مقیم ماہر امراض قلب ڈاکٹر طارق شہاب کا کہنا ہے کہ معروف کامیڈین عمر شریف کی ہارٹ سرجری ایک پیچیدہ عمل ہے، امریکا پہنچتے ہی انہیں اسپتال میں داخل کرلیا جائے گا اور ایک سے دو دن میں ان کی سرجری کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق امریکا میں مقیم ڈاکٹر طارق شہاب نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں معروف کامیڈین عمر شریف کی بیماری کی تفصیلات بتائیں۔
ڈاکٹر طارق کا کہنا تھا کہ عمر شریف کے دل کے ایک والو کے مسلز کمزور ہوچکے ہیں، جس کی وجہ سے خون کی گردش میں رکاوٹ ہے جبکہ انہیں سانس لینے میں بھی تکلیف کا سامنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس کا علاج اوپن ہارٹ سرجری سے ہوسکتا ہے، لیکن عمر شریف کی پہلے ہی ایک اوپن ہارٹ سرجری ہوچکی ہے جبکہ ان کے گردے بھی کمزور ہیں لہٰذا دوبارہ سرجری کرنا ان کے لیے جان لیوا بھی ثابت ہوسکتا ہے۔
ڈاکٹر طارق کے مطابق عمر شریف کی سرجری اب نئے طریقہ علاج کے ذریعے کی جائے گی جس میں دل کو کھولے بغیر شریانوں کے اندر سے ہی اس والو کی جراحت کی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا یہ ایک مشکل سرجری ہے اور اس کے لیے ماہر امراض قلب کی پوری ٹیم چاہیئے جن کا پاکستان آنا مشکل تھا، اسی لیے عمر شریف کو یہاں بلایا گیا۔ امریکا پہنچتے ہی عمر شریف کو اسپتال میں داخل کرلیا جائے گا اور ضروری پروسیجر کے بعد ان کی سرجری کا عمل شروع کردیا جائے گا۔
یاد رہے کہ کراچی ایئرپورٹ سے ایئر ایمبولنس عمر شریف کو لے کر امریکا روانہ ہوچکی ہے، ایئر ایمبولینس میں اہلیہ بھی عمر شریف کے ہمراہ ہیں۔