لاہور: عمرہ پر جانے کےلیے گردن توڑ بخار کی ویکسین لازمی قرار دی گئی ہے جس کے بعد لاہور کے میڈیکل اسٹورز پر ویکسین بلیک میں فروخت ہورہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب میں میننجائٹس ویکسین کی قلت پیدا ہوگئی، لاہور کے میڈیکل اسٹورز پر گردن توڑ بخار کی ویکسین بلیک میں فروخت کی جارہی ہے، پنجاب بھر میں سیکڑوں عمرہ زائرین کو ویکسین کے حصول میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔
ویکسین کی قیمت 5 ہزار سے کم لیکن 10 سے 20 ہزار روپے میں فروخت کی جارہی ہے، سرکاری مرکز برائے حفاظتی ٹیکہ جات پر ویکسین دستیاب نہیں ہے۔
عمرہ پر جانے والوں کے لیے اہم خبر
حفاظتی ٹیکے لگانے والی نجی لیبارٹریز نے عمرہ زائرین کی ویکسی نیشن سے انکار کردیا ہے، اس حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے کہ طیارے کی ٹکٹس ہوگئی ہیں مگرویکسین نہیں مل رہی۔
محکمہ صحت پنجاب نے کہا کہ حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام کے پاس ویکسین دستیاب نہیں، شہری میڈیکل اسٹور سے ویکسین خرید کر انسٹی ٹیوٹ پبلک ہیلتھ سے لگواسکتے ہیں،
حکام نے کہا کہ بین الاقوامی کمپنی صنوفی، اوینٹس، فائزر کی ویکسین سفر کیلئےقابل قبول ہوگی، ویکسین سفر سے کم از کم 10 روز قبل لگانا لازمی ہے۔