کراچی: سعودی عرب میں پھنسے ہوئے عمرہ زائرین نے واپسی کے لیے حکومت پاکستان سے مدد کی اپیل کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے خدشے کے باعث سعودی عرب میں خلیجی ممالک کی پروازیں معطل ہیں، جس کے باعث پاکستانی معتمرین سعودی میں پھنس گئے ہیں۔
پاکستانی عمرہ زائرین کے پاس ہوٹلوں کا کرایہ ختم ہو چکا، دیگر ایئر لائنز کی ٹکٹ خریدنے کے پیسے بھی موجود نہیں، جس پر زائرین نے حکومت پاکستان سے واپسی میں مدد کی اپیل کی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان سمیت مختلف ممالک سے سعودی عرب آنے والے افراد پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، ماسوائے ان افراد کے جو سعودی عرب کے شہری ہیں یا اقامتی ویزے کے حامل ہیں اور وہ شہری جو واپس اپنے ملک جانا چاہتے ہیں۔ کارگو پروازیں بھی سعودی عرب کے لیے آپریٹ کی جا سکتی ہیں اور میڈیکل ویزہ رکھنے والے یا نئے میڈیکل ویزے والے افراد سعودی عرب کا سفر کر سکتے ہیں۔
سعودی حکومت کے اعلان کے بعد پی آئی اے کی خصوصی پروازیں چلانے کی تیاری
اس سلسلے میں پی آئی اے نے ہم وطنوں کی سعودی عرب سے واپسی کے لیے انتظامات مکمل کر لیے ہیں، پی آئی اے 6 خصوصی پروازوں کے ذریعے سعودی عرب سے ہم وطنوں کو پاکستان لے کر آئے گی، ترجمان پی آئی اے کے مطابق 14 اور 15 مارچ کو پروازیں آپریٹ کی جائیں گی۔ خیال رہے کہ سعودی ایوی ایشن نے پاکستان سمیت تمام ممالک کے مسافروں کو سعودیہ عرب سے جانے کے لیے 72 گھنٹے کا الٹی میٹم دیا تھا۔