سعودی عرب میں ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ سال 2023 کے مقابلے میں 2024 کی چوتھی سہہ ماہی کے دوران عمرہ زائرین کی تعداد میں 31 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
سعودی خبر رساں دارے کے مطابق ادارہ شماریات نے کہا ہے کہ گزشتہ برس مملکت آنے والے عمرہ زائرین کی مجموعی تعداد 35.8 ملین رہی جوکہ سابقہ برسوں کے مقابلے میں 26 فیصد زائد ہے۔
گزشتہ برس کے دوران بیرون مملکت سے آنے والے مرد عمرہ زائرین میں 2.6 ملین 49 فیصد جبکہ خواتین کی تعداد 2.7 ملین 51 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق بیرون مملکت سے آنے والے 21 فیصد دیگر ویزوں پر مملکت پہنچے جن میں سے 11.8 فیصد ڈیجیٹل وزٹ ویزے پر تھے جبکہ 65 فیصد عمرہ ویزے پر آئے۔
اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ برس آنے والے 2.3 فیصد عمرہ زائرین کا تعلق خلیجی ممالک سے تھا۔
اندرون مملکت سے گزشتہ برس کی چوتھی سہہ ماہی میں عمرہ زائرین کی تعداد 20 لاکھ سے تجاوز کرگئی جو کہ سال 2023 کے مقابلے میں 44.4 فیصد زیادہ ہے۔ سعودی عمرہ زائرین کی تعداد 3 لاکھ 33 ہزار جبکہ غیرملکی 18 لاکھ تھے۔
واضح رہے کہ ماہِ صیام کا تیسرا اورآخری عشرہ شروع ہوتے ہی مسجد الحرام اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں لاکھوں کی تعداد میں زائرین پہنچ چکے ہیں۔
لاکھوں زائرین حرمین شریفین میں عبادات میں مشغول ہیں، شبِ قدر کی تلاش میں عبادت گزاروں میں جوش و خروش، مدینہ منورہ میں خصوصی خیمہ بستی آباد ہو گئی۔
رمضان کے دوران مسجد نبویؐ میں یومیہ 300 ٹن آب زم زم کی فراہمی
ماہِ صیام کا تیسرا اور آخری عشرہ شروع ہوتے ہی مکہ مکرمہ مسجد الحرام اور مدینہ منورہ میں دس ہزار افراد اعتکاف میں بیٹھ گئے۔ رواں برس دس ہزار افراد نے مسجد الحرام اور مسجدِ نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں اعتکاف کے لیے رجسٹریشن کرائی۔
سعودی حکومت نے اعتکاف کے لیے وسیع انتظامات کیے ہیں، عام افراد کا اعتکاف کے ایریا میں داخلہ ممنوعہ ہے۔