ریاض : سعودی وزارت حج و عمرہ نے اعلامیہ جاری کیا ہے جس کے تحت یکم ذو القعدہ 29 اپریل غیر ملکی عمرہ زائرین کی سعودی عرب سے روانگی کی آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے۔
وزارت حج و عمرہ کے اعلامیے کے مطابق 15شوال 13 اپریل عمرہ زائرین کے لیے مملکت میں داخلے کی آخری تاریخ ہوگی۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ان کا مقررہ وقت کے بعد قیام، قانون کی خلاف ورزی تصور ہوگا۔
قانون کی خلاف ورزی پر زائر یا کمپنی پر پاکستانی 73 ہزار روپے جرمانہ اور قانونی کارروائی ہوسکتی ہے۔
سعودی وزارت حج نے عمرہ کمپنیوں اور اداروں کو زائرین کی بروقت روانگی یقینی بنانے کی سختی سے ہدایت کی ہے۔
سعودی وزارت حج و عمرہ کے اعلامیے میں مزید کہا گیا ہےکہ مقررہ تاریخ کے بعد تاخیر سے روانگی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔
مزید پڑھیں : سعودی حکومت کا عمرہ زائرین کو مشورہ
علاوہ ازیں زائرین کو دوران طواف حجر اسود کے قریب زیادہ دیر تک رکنے سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
وزارت کا کہنا ہے کہ حجر اسود کے قریب رک کر طواف کرنے والے بعض زائرین دوسروں کے لیے رکاوٹ پیدا کر دیتے ہیں جس سے رش میں اضافہ ہوتا ہے اور دیگر زائرین کو پریشانی کا سامنا ہوتا ہے۔