اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس میں غزہ میں فوری غیر مشروط جنگ بندی کی قرارداد منظور کرلی گئی جس میں تمام یرغمالیوں کی فوری رہائی بھی شامل ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے کثرت رائے سے غزہ میں فوری غیر مشروط جنگ بندی کی قرارداد منظور کرلی گئی، اس قرارداد میں تمام یرغمالیوں کی فوری اور غیرمشروط رہائی پر کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بدھ کے روز غزہ جنگ بندی قرارداد کی منظوری کیلئے 193 رکنی سامبلی میں سے 158 ووٹ پڑے، امریکا، اسرائیل اور دیگر سات ملکوں نے قرارداد کیخلاف ووٹ دیا جبکہ 13 غیر حاضر رہے۔
اقوام متحدہ کے رُکن ممالک کے درجنوں نمائندوں نے ووٹنگ سے قبل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے فلسطینیوں کی حمایت کی، اقوامِ متحدہ میں سلووینیا کے سفیر سیموئیل زبوگر نے کہا کہ غزہ کا اب کوئی وجود نہیں ہے، یہ تباہ ہو گیا ہے۔
الجزائر کے اقوام متحدہ کے نائب سفیر نسیم گاؤوئی نے کہا کہ فلسطینی المیے کے سامنے خاموشی اور ناکامی کی قیمت بہت بھاری ہے، اور یہ کل مزید بھاری ہوگی۔
اقوام متحدہ میں فلسطین کے سفیر ریاض منصور نے گزشتہ ہفتے خصوصی اجلاس میں پہلے دن بحث کے دوران کہا تھا کہ آج کا غزہ فلسطین کا زخمی دل ہے۔
فلسطین کے سفیر ریاض نے کہا کہ ہمارے بچوں کے پیٹ میں کھانا نہیں اور نہ ہی مستقبل کے لیے کوئی اُمید ہے، ایک سال سے زیادہ تکلیف اور نقصان برداشت کرنے کے بعد دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑنا چاہیے اور اس کے لیے فوری اقدامات کرنے چاہییں۔