کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ بچوں سے زیادتی کے مجرمان کو سزائے موت دینے کا نفاذ جلد ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل سے اقوام متحدہ کے نمائندوں پر مشتمل وفد نے ملاقات کی، گورنر سندھ نے کہا کہ حکومت ہر شہری کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنارہی ہے۔
عمران اسماعیل نے کہا کہ بچوں سے زیادتی کے مجرمان کو سزائے موت کے لیے قانون سازی کی گئی ہے، مجرمان کو سزائے موت دینے کا نفاذ جلد ہوگا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنارہے ہیں، جرمانہ ادائیگی کی استطاعت نہ رکھنے والے قیدیوں کی لسٹ تیار کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوٹ لکھپت جیل کو رکن صوبائی اسمبلی علیم خان کی مدد سے جدید بنادیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: علی محمد خان نے سرعام پھانسی پر ریفرنڈم کروانے کی تجویز دیدی
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے بچوں سے زیادتی کے مجرمان کو سرعام پھانسی دینے پر اپوزیشن کے اعتراض کو مسترد کرتے ہوئے ریفرنڈم کروانے کی تجویز پیش کی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم سے فیصلہ ہو جائے گا کہ عوام بچوں سے زیادتی کے مجرمان کو سرعام پھانسی دینے کے خواہشمند ہیں کہ نہیں۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فوادچوہدری نے بھی قرارداد کی مخالفت کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا تھا کہ مسئلہ ہی یہ ہے کہ قوانین تو پہلے سے ہی موجود ہیں یہ تو بحث ہی نہیں، زینب کے کیس سمیت درجنوں کو پھانسی ہوچکی ہے اور ہونی چاہیے۔