اسلام آباد: پاکستان میں اقوام متحدہ کے امن مشن کا وزارتی اجلاس 2023 آج سی آئی پی ایس اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔
کانفرنس میں مختلف ممالک کے سفارتکار، یو این محکمہ امن اور آپریشنل سپورٹ کے انڈر سیکرٹری جنرل، پاکستان کے وزیر خارجہ ودفاع اور چیف آف آرمی اسٹاف خصوصی طور پر شرکت کریں گے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق اس کانفرنس کا موضوع ” اقوام متحدہ کے امن دستوں کی حفاظت اورسلامتی“ ہے، امن مشنز میں پاکستان کی مسلسل شرکت اقوام متحدہ منشور، مقاصد، اصولوں سے ہماری وابستگی کا ثبوت ہے۔
اقوام متحدہ بحالی امن مؤثر شراکت کی بہترین مثالوں میں سے ایک ہے، جبکہ اقوام متحدہ بحالی امن کئی ملکوں کے استحکام کو بڑھانے کی منفرد اہلیت رکھتا ہے۔
اس حوالے سے اقوام متحدہ امن فوج کے اعلیٰ سطح اجلاس مختلف ممبرز ممالک میں منعقد ہوتے ہیں۔
اس کانفرنس کا مقصد اقوام متحدہ امن دستوں کودرپیش سیکیورٹی چیلنجز، طبی مسائل سے نمٹنا، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال بشمول بارودی سرنگوں کیخلاف حکمت عملی و تربیت، امن دستوں میں شامل خواتین کی سیفٹی اور سیکیورٹی بہتر بنانے سے متعلق اقدامات کاجائزہ لیناہے۔
پاکستان نے 28 سے زائد ممالک میں 2 لاکھ 30 ہزار سے زائد افواج کے ہمراہ 48 مشترکہ امن مشنز میں حصہ لیا، اقوام متحدہ کے امن مشنز میں 171 جوانوں بشمول 24 افسران نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
متعددعالمی رہنماؤں، اقوام متحدہ کی قیادت نے عالمی سطح پر پاکستان کی فوج کی کارکردگی کوسراہا، پاکستان کی جانب سے عالمی امن کو برقرار رکھنے کی کاوشیں ہمارے عزم کے غیر متزلزل ہونیکا ثبوت ہیں۔