عیدالفطر کے موقع پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوئتریس اور خادم حرمین شریفین نے امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کی ہے۔
سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک، مشرق وسطیٰ، کئی یورپی اور مغربی ممالک میں آج عیدالفطر کا تہوار مذہبی جوش وخروش سے منایا جا رہا ہے جب کہ دنیا کے دیگر علاقوں میں رویت کے مطابق کل (پیر) کو منائی جائے گی۔
عیدالفطر کے موقع پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور شاہ سلمان نے امت مسلمہ کو مبارک باد دی ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوئتریس نے مسلمانوں کو عید کی مبارک باد دیتے ہوئے تنازعات اور جنگ سے متاثرہ مسلمانوں سے ہمدردی کا اظہارکیا۔
اپنے پیغام میں گوتریس نے ان افراد کے لیے افسوس کا اظہار کیا جو جنگ، تنازعات یا نقل مکانی کی وجہ سے اپنے خاندانوں کے ساتھ عید منانے سے قاصر ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ مقدس دن یکجہتی اور ہمدردی کا پیغام دیتا ہے اور امید ظاہر کی کہ عید کا موقع لوگوں کو قریب لانے اور ان اقدار کو فروغ دینے میں معاون ہوگا۔
خادم حرمین الشریفین شاہ سلمان نے امت مسلمہ کو عیدالفطر کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ محبت، اخوت اوریکجہتی کا پیغام دیتی ہے۔ امت کے لیے خیر وبرکت اورسلامتی کی دعا کرتے ہیں، سعودی عرب ہمیشہ امت مسلمہ کی خدمت کیلیے کوشاں رہے گا۔