اسلام آباد : اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیوگوتریس کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی کےحق میں ہے، افغان امن کے ذریعے لاکھوں لوگوں کی زندگی تبدیل کی جاسکتی ہے اور تمام مسائل کاحل افغان سرزمین سے ہی ممکن ہے۔
تفصیلات کے مطابق افغان مہاجرین پر عالمی کانفرنس میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس السلام علیکم سے اپنے خطاب کا آغاز کیا اور کہا 40سال سے افغان عوام مسائل کا شکار ہیں اور پاکستان 40سال سے افغان مہاجرین کی میزبانی کررہا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ پاکستان کی فراخ دلی دہائیوں پر محیط ہے، پاکستان نے افغان مہاجرین کیلئے اپنے دروازے کھلے رکھے، یہ افغان مہاجرین کا دوسرابڑا میزبان ملک ہے، پاکستان اور ایران افغان مہاجرین کو پناہ دینےوالے بڑے ممالک ہیں۔
انتونیوگوتریس نے کہا کہ پاکستان کےافغان مہاجرین کو رجسٹر کرنے کے اقدام کو سراہتے ہیں، پاکستان کی خدمات کے اعتراف میں عالمی تعاون محدود ہے ، افغان مہاجرین کے لیے عالمی امدادبہت اہمیت رکھتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اندرونی مسائل کے باوجود پاکستان نےافغان مہاجرین کیلئے اقدامات کئے، قرآن پاک نے مہاجرین کنونشن سے کہیں پہلے برابری کی بات کی، اقوام متحدہ افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی کےحق میں ہے۔
یو این سیکریٹری جنرل نے مزید کہا کہ افغان امن کےذریعےلاکھوں لوگوں کی زندگی تبدیل کی جاسکتی ہے، افغانستان کےتمام مسائل کاحل افغان سرزمین سے ہی ممکن ہے۔