پنجاب کے شہرظفروال میں ماموں نے انتقام لینے کے لیے دو کم عمر بھانجوں کو قتل کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ظفر وال میں دو کم عمر بچوں کو انتقام کی بھینٹ چڑھا دیا گیا، ملزم رفاقت نے چار اور آٹھ سال کے بھانجوں کی جان لے لی۔
ملزم رفاقت کے بھائی کو مبینہ طور پر اس کے بہنوئی نے قتل کردیا تھا، بہنوئی قتل کے الزام میں سزا بھگت رہا ہے، ملزم نے انتقام لینے کے لیے بھانجوں کو قتل کیا۔
ملزم نے پولیس کو دیے گئے بیان میں کہا کہ مجھے ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا، بچوں کو قتل کرکے گناہ کیا ہے، غصے پر قابو رکھنا چاہیے تھا، دنیا میں بھی سزا ہے اور اگلے جہاں میں بھی سزا ملے گی۔
بچوں کی والدہ کا کہنا تھا کہ ’بھائی مجھے مار ڈالتا میرے بچوں کا کیا قصور تھا۔‘
ڈی پی او ظفروال نے بتایا کہ ملزم نے 8 اور 4 سال کے بھانجوں کو قتل کیا ہے، مقدمے کی میرٹ پر تفتیش کریں گے اور ملزم کو قرار واقعی سزا دلوائیں گے۔