اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

خیرپور: مکان کے کاغذات مانگنے پر چچا نے بھتیجے کے گھر کو آگ لگا دی

اشتہار

حیرت انگیز

خیرپور: مکان کے کاغذات مانگنے پر ظالم چچا نے بھتیجے کے گھر کو آگ لگا دی، پولیس نے بھتیجے کے خلاف ہی مقدمہ درج کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ کے شہر خیرپور میں مکان کے کاغذات مانگنے پر ظالم چچا نے بھتیجے کے گھر کو آگ لگا دی، متاثرہ شخص ایف آئی آر کاٹنے تھانے گیا تو پولیس نے با اثر سیاسی افراد کے دباﺅ پر اس کے خلاف ہی مقدمہ درج کر لیا۔

سادات کالونی لقمان کا رہائشی محمد اقبال قریشی انصاف کے لیے دہائی دینے لگا، پریس کلب خیرپور پر احتجاج کرتے ہوئے اس نے بتایا کہ اس نے اپنے چچا صغیر قریشی سے ساڑھے 12 لاکھ روپے میں مکان خریدا تھا۔

تاہم چچا سے کاغذات مانگے تو اس نے سنگین نوعیت کی دھمکیاں دیں، چچا نے اپنے ساتھیوں سمیت گھر میں داخل ہو کر گھر کو آگ لگا دی جس سے گھر میں رکھا قرآن پاک سمیت دیگر قیمتی سامان جل کر راکھ ہو گیا۔

محمد اقبال کا کہنا تھا کہ تھانہ بی سیکشن میں پولیس اہل کاروں نے ایف آئی آر کاٹنے سے صاف انکار کیا، پولیس نے چچا صغیر کی مدعیت میں میرے دو بیٹوں محمد عدنان، نعمان اقبال، بھائی محمد اخلاق اور میرے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کرا دیا۔

یہ بھی پڑھیں:   بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل ہوگا: وزیر اعظم کا عندیہ

متاثرہ فریق نے بتایا کہ پولیس نے عدالتی حکم ماننے سے بھی انکار کر دیا ہے، عدالت نے درخواست پر اعلیٰ پولیس حکام کو مقدمہ درج کرانے کا حکم جاری کیا تھا۔

محمد اقبال قریشی نے ڈی آئی جی سکھر اور ایس ایس پی خیرپور سے مطالبہ کیا کہ ان کا مقدمہ درج کر کے ان کے ساتھ انصاف کیا جائے۔

متاثرہ فریق نے ایس ایس پی آفس کے سامنے خود سوزی کی دھمکی بھی دے دی ہے، کہا کہ مقدمہ درج نہ ہوا تو وہ خود سوزی کر لے گا اور اس کی ذمہ داری چچا اور پولیس پر عائد ہوگی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں