لاہور: قومی انڈر19 کرکٹ ٹیم کے کپتان روحیل نذیر کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ 2020 میں جنوبی افریقہ کی کنڈیشنز پر اچھا کھیل پیش کرکے ٹائٹل اپنے نام کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق قومی انڈر19 کرکٹ ٹیم کے کپتان روحیل نذیر نے ورلڈکپ جیتنے کے عزم کا اظہار کردیا۔ اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑی پرجوش ہیں، عمدہ کھیل پیش کرکے ٹائٹل کی جنگ لڑیں گے۔
انہوں نے سینئرکھلاڑی عماد وسیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مجھے پرفارم کرتا دیکھ کر عماد وسیم بہت خوش ہوتے ہیں، اور متعدد بار تعریف بھی کی۔ جبکہ احمد شہزاد کو کھیلتا دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 17 جنوری سے جنوبی افریقہ میں شروع ہوگا۔
دوسری جانب سینئر کھلاڑی انڈر19 ٹیم کو بھرپور سپورٹ کررہے ہیں۔ جبکہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ گزشتہ روز سرفرار احمد نے ٹیم سے ملاقات کی اور جیت کے لیے مفید مشورے دیے۔
جبکہ آج ہیڈکوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس نے کھلاڑیوں کو ٹپس دیں اور جیت کے گر بتائے۔