جوہانسبرگ : پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے جانے والے انڈر 19کرکٹ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میچ میں پاکستان نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔\
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ میں جاری آئی سی سی انڈر 19کرکٹ ورلڈ کپ 2020کے پہلے سیمی فائنل کا آغاز ہوگیا ہے۔ سیمی فائنل میچ میں پاکستان کے کپتان روحیل نذیر نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایونٹ کے فائنل تک رسائی حاصل کرنے کی جنگ میں دونوں ٹیمیں پر عزم ہیں، اس حوالے سے قومی انڈر 19ٹیم کے کپتان روحیل نذیر کا کہنا ہے کہ ہماری نظر ورلڈ کپ پر ہے، بھارت سے بھرپور مقابلے کیلئے ذہنی طور پر بھی تیار ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ایونٹ کا سیمی فائنل ہے، بڑا اسکور کرکے بھارت پر پریشر ڈالیں گے، یہ
بہترین وقت ہے تجربہ کار کھلاڑی اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ٹیم کو میچ جتوائیں .
کپتان قومی انڈر19ٹیم کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف میچ بڑا ہوتا ہے، ہم اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان ٹیم مذکورہ ورلڈ کپ میں افغانستان کی ٹیم کو شکست سے کر سیمی فائنل میں پہنچی ہے۔
علاوہ ازیں پاکستان الیون میں حیدر علی، محمد حریرہ، کپتان روحیل نذیر، فہد منیر، قاسم اکرم، محمد حارث، عرفان خان، عباس آفریدی ، طاہر حسین ، عامر علی ، محمد عامر خان شامل ہیں۔
بھارت کی ٹیم میں یشوی جیسوال، دیویانش سکسینا ، تلک ورما، پریام، دھروو جورال، سیدیش ویر، اتھاروا انکولیکر، راوی بیشونی، سوشانت مشرا، کارتک تیاگی اور آکاش سنگھ شامل ہیں۔