انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستانی کھلاڑی کے زور دار شاٹ سے امپائر بال بال بچ گئے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور افغانستان انڈر 19 ٹیموں کے درمیان اہم میچ جاری ہے، پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنائے اور حریف ٹیم کو جیت کے لیے 240 رنز کا ہدف دیا۔
ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی بیٹنگ جاری ہے، افغانستان انڈر 19 نے 15 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 53 رنز بنالیے ہیں۔
پاکستان کی بیٹنگ کے دوران میچ میں اس وقت دلچسپ صورت حال پیدا ہوگئی جب ذیشان ضمیر نے امپائر کی جانب زور دار اسٹروک کھیلا جو سیدھا وکٹوں پر جا لگا اور خوش قسمتی سے امپائر بال بال بچ گئے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ذیشان شاٹ کھیلتے ہوئے رن لینے کے لیے بھاگے اور امپائر گیند لگنے سے خود کو بچانے کی کوشش کرتے ہوئے نیچے گر گئے۔
آئی سی سی کی جانب سے مذکورہ ویڈیو کو انسٹاگرام پر شیئر کیا گیا اور کیپشن میں لکھا کہ ’امپائرنگ کرنا آسان کام نہیں ہے۔‘
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ویڈیو کو چند گھنٹوں قبل شیئر کیا جسے اب تک لاکھوں صارفین دیکھ چکے ہیں اور اس پر اپنی رائے کا اظہار بھی کررہے ہیں۔