واشنگٹن: جوبائیڈن کی صدارت میں امریکی سیاست کی نئی تاریخ رقم ہوگئی ہے، نومنتخب صدر کی ٹیم میں خواتین کو بھرپور نمائندگی دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جوبائیڈن کی کابینہ میں نائب صدر سے لے کر وزارت خزانہ اور خفیہ اداروں کی کمان تک سبھی خواتین سنبھالیں گی، نیا صدر، نئی ٹیم، نئی تاریخ، جوبائیڈن نے امریکا کو چلانے کے لیے ایسی ٹیم بنائی ہے، جس کی مثال امریکی تاریخ میں نہیں ملتی۔
امریکی تاریخ میں پہلی بار ایک خاتون نائب صدر ہوں گی، کاملا ہیرس سینیٹر اور کیلی فورنیا کی اٹارنی جنرل بھی رہ چکی ہیں، امریکی وزارت خزانہ اور خفیہ اداروں کی قیادت کرنے والی بھی خواتین ہوں گی۔
جینیٹ یلن وزیر خزانہ اور ایورل ہینز کو ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس نامزد کیا گیا ہے، سفارت کاری کا 35 سالہ تجربہ رکھنے والی لنڈا تھامس گرین فیلڈ کو اقوامِ متحدہ میں امریکا کی سفیر نامزد کیا گیا ہے۔
نو منتخب امریکی صدر کو کس بڑے پاکستانی اعزاز سے نوازا جا چکا ہے؟
وزارت داخلہ کا قلم دان دینے کے لیے ایک تارک وطن کیوبن نژاد الحاندرو مایورکاس کا انتخاب کیا گیاہے، نئے امریکی وزیر خارجہ اوباما انتظامیہ میں کام کرنے والے انھتونی بلنکن ہوں گے۔
جوبائیڈن کے مشیروں میں بھارتی اور پاکستانی نژاد شہری بھی شامل ہیں، پاکستانی نژاد علی زیدی ڈپٹی نیشنل کلائمٹ ایڈوائزر اور سلمان احمد خارجہ پالیسی کی ٹیم میں شامل ہیں۔
کشمیری نژاد سمیرہ فضیلی کو نیشنل اکنامک کونسل کا ڈپٹی ڈائریکٹر نامزد کیا گیا ہے، اسی طرح کشمیری نژاد عائشہ ڈیجیٹل اسٹریٹیجی کے لیے پارٹنرشپ منیجر ہوں گی۔