ملتان: پنجاب میں بہاء الدین زکریا یونیورسٹی کے طلبا نے امتحانات سے بچنے کے لیے جامعہ میں کروناوائرس کے پھیلاؤ کا ڈھونگ رچایا لیکن انتظامیہ نے ان کی جعل سازی پکڑ لی۔
تفصیلات کے مطابق ملتان میں بہاء الدین زکریا یونیورسٹی کے طلبا کلاسز میں امتحانات دینے کے بجائے آن لائن پیپرز دینا چاہتے تھے اسی لیے انہوں نے کروناوائرس کے پھیلنے کی افواہ اڑائی، یونیورسٹی انتظامیہ نے کارروائی کی تو حقیقت سامنے آگئی، طلبا نے بوگس کرونا رپورٹس جمع کرا رکھی تھیں۔
یونیورسٹی انتظامیہ نے کرونا کی خبر پر ایکشن لیتے ہوئے خصوصی کمیٹی تشکیل دی، اراکین نے جب موصول ہونے والی رپورٹس کا جائزہ لیا تو تمام رپورٹس جعلی نکلیں۔
جامعہ کی انتظامیہ نے کرونا پھیلنے کی خبریں بے بنیاد قرار دے کر طالب علموں کے خلاف کارروائی کا اعلان کردیا۔ ممکنہ طور پر طلبا پر ایک سال کی پابندی، جامعہ سے برخاست یا پھر بھاری جرمانے عائد ہوسکتے ہیں۔
یہ بھی کہا گیا ہے کہ طلبا آن لائن اس لیے امتحانات چاہتے تھے تاکہ نقل آسانی سے کرسکیں۔