لاہور : وزیر اطلاعات پنجاب فیاض چوہان نے بلاول بھٹو کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بلاول کی وفاقی حکومت پر تنقید "ناچ نہ جانے آنگن ٹیڑھا” کی مثال ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول ایک دفعہ پھر خود ساختہ قرنطینہ سے واجبی بیان بازی کرنے نکلے ہیں۔
فیاض چوہان نے کہا کہ سندھ کی نااہلی، بد انتظامی کا الزام وفاق پر لگانا نادانی کا ثبوت ہے، بلاول 10 سال تک 18 ویں ترمیم کے تحت خود مختاری کی باتیں کرتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ مشرف دور تک اسٹیل مل منافع بخش ادارے کے طور پر کام کرتی رہی لیکن 2008 سے 2015 تک اسٹیل مل مسلسل خسارے میں چلنے پر بند ہوگئی کیونکہ آل شریف اور آل زرداری بدانتظامی سے منافع بخش اداروں کو گھٹنوں پر لے آئے۔
وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ سندھ میں کرپشن، گورننس فقدان کا الزام وفاق پر تھوپنا ان کا شیوہ ہے، اس کے باوجود ہمیں وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں کرونا وائرس کےخلاف اہم کامیابیاں حاصل ہوئیں۔
فیاض الحسن چوہان کا مزید کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے خلاف باتوں میں سب سے آگے وزیر اعلیٰ نیب کی پیشیاں بھگت رہے ہیں۔
پاکستان میں کرونا زبردستی پھیلایا گیا، بلاول بھٹو زرداری کا الزام
واضح رہے کہ کچھ دیر قبل پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پریس کانفرنس ست خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ پاکستان میں کرونا وائرس زبردستی پھیلایا گیا اور اب کہا جارہے کہ وائرس پھیل چکا لہذا ہم کچھ نہیں کرسکتے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت گردشی قرضوں کی ذمہ داری اٹھانے کوتیار نہیں ہے،ایک مخصوص طبقہ عوامی اداروں کو غیرمنافع بخش بناتاہے اور پھر اُن اداروں کو کوڑیوں کے بھاؤ فروخت کرتا ہے، پی آئی اے،اسٹیل ملز کو جان بوجھ کر سنبھالا نہیں گیا۔