اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے اقوام متحدہ کے نمائندہ خصوصی برائے پاکستان نے ملاقات کی، نیل بوہنے نے آئندہ حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔
تفصیلات کے مطابق یونائیٹڈ نیشن ڈیولپمنٹ پروگرام کے نمائندہ خصوصی نیل بوہنے نے بنی گالہ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران کان سے ملاقات کی انہوں نے عمران خان کو انتخابات جیتنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ملاقات میں انہوں نے عمران خان کو اقوام متحدہ کی جانب سے جاری مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی اور آئندہ حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔
یواین ڈی پی کے نمائندے کا کہنا تھا کہ ہم نے سابقہ کے پی حکومت کے ساتھ مل کر بھی کام کیا تھا اور اب وفاق میں بھی پی ٹی آئی کے ساتھ مل کر کام کریں گے، ہم نے سیاحت کے فروغ کے لیے کے پی حکومت کو عارضی خیمے فراہم کیے تھے، کرپشن کے انسداد، قانون کی بالادستی میں معاونت کو تیار ہیں۔
نیل بوہنے کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں تعلیمی اصلاحات،نوجوان کو بااختیار بنانے میں کردار ادا کرنے کو تیار ہیں، فاٹا میں آباد کاری میں بھی معاونت میں دلچسپی رکھتے ہیں، گڈ گورننس میں بہتری کے لیے اشتراک کے لیے بھی تیار ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہہوئئے عمران خان نے کہا کہ انتقال اقتدار کا عمل مکمل ہوتے ہی یو این ڈی پی کی معاونت چاہیں گے، غربت کے خاتمے، قانون کی بالادستی میں معاونت درکار رہے گی، ہمیں فراہمی آب، فاٹاانضمام جیسےمسائل پر یو این ڈی پی کی معاونت چاہئے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے نامزد وزیر اعظم عمران خان سے مختلف عالمی شخصیات اور رہنماؤں کی جانب سے مبارکباد اور ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے اس سلسلے میں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو ٹیلی فون کیا ۔
انہوں نے انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد اور انہیں دورہ قطر کی دعوت بھی دی جسے عمران خان نے قبول کیا، اس سے قبل بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی چیئرمین پی ٹی آئی کو فون کر کے مبارکباد دی۔
مزید پڑھیں: یورپی یونین کے سفیر کی عمران خان سے ملاقات، پی ٹی آئی کے ساتھ کام کرنے کا عندیہ
اس کے علاوہ پاکستان میں یورپی یونین کے سفیر جین فرینکوئس کوٹین اور پاکستان میں تعینات جاپان کے سفیر نے بنی گالہ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی، ان شخصیات نے عمران خان کو عام انتخابات میں جیت پر مبارکباد دی اور پاکستان میں نومنتخب حکومت سے تعاون اور اشتراک میں دلچسپی کا اظہار بھی کیا۔