ناخلف اولاد کے والدین کے ساتھ ظلم کی انتہا کرتے ہوئے ایک سفاک بیٹے نے بوڑھے ماں باپ کو ٹریکٹر تلے کچل کر قتل کر ڈالا۔
یہ افسوسناک واقعہ بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں پیش آیا جہاں ایک نا خلف بیٹے نے زرعی زمین ہتھیانے کے لیے اپنے بوڑھے ماں باپ کو دردناک طریقے سے قتل کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ندو پوری کللا گاؤں میں 55 سالہ اپل نائیڈو اور انکی اہلیہ جیا کو بیٹے راج شیکھر صرف زمین کی خاطر موت کی نیند سلا دیا۔
رپورٹ کے مطابق اپل نائیڈو کی ایک بیٹی رادھا کماری بھی ہے جس کی شادی کے وقت والد نے ایک ایکڑ زمین میں سے 8 گھنٹے زمین بیٹی کو دی تھی۔
پانچ سال قبل رادھا کماری شوہر کے انتقال کے بعد واپس والدین کے پاس آ کر رہنے لگی تھی۔ اس کے بعد بیٹا راج شیکھر اپنے والدین پر بقیہ زمین یا فروخت کرکے رقم اسے دینے کا مطالبہ کر رہا تھا۔
بیٹے کے مسلسل دباؤ سے تنگ آ کر بوڑھے والدین نے اپنی تمام زمین بیٹی رادھا کماری کے نام کر دی۔ ماں باپ کے اس فیصلے پر راج شیکھر آپے سے باہر ہو گیا اور زمین کو زبردستی بیچنے کے لیے اس پر ٹریکٹر چلانے پر لگا جب والدین سامنے آئے تو ان پر ٹریکٹر لے کر چڑھ دوڑا۔۔
والدین جان بچانے کے لیے قریب میں ایک مکئی کے کھیت میں بھاگے لیکن ناہنجار بیٹے نے ان کا پیچھا کر کے ٹریکٹر سے کچل ڈالا۔ دونوں موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق واقعہ کے بعد راج شیکھر نے اپنی بیوی کے ساتھ پولیس اسٹیشن پہنچ کر گرفتاری دے دی۔