پاکستان کی باہمت بیٹی تقویٰ احمد نے ملک کا نام دنیا بھر میں روشن کردیا، چلنے پھرنے سے معذور 16سالہ تقویٰ کو پاکستان میں اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسف) کی پہلی یوتھ ایڈووکیٹ مقرر کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں سماجی کارکن، مصنفہ اور موٹیویشنل اسپیکر تقویٰ احمد نے اپنی جدوجہد کے بارے میں ناظرین کو آگاہ کیا کہ کس طرح انہوں نے یہ مقام حاصل کیا۔
انہوں نے بتایا کہ میں معذور ہوں اور بیٹی بھی ہوں اس لیے معاشرے کا رویہ میرے ساتھ قابل قبول نہیں تھا جسے تبدیل کرنے کیلئے میں اور میرے والدین نے فیصلہ کیا کہ کیوں نہ ہم ایسے بچوں کی حوصلہ افزائی کریں اور انہیں باور کرائیں کہ خصوصی بچے اس معاشرے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شروع میں لوگوں نے بہت سارے ایسے کمنٹس پاس کیے کہ جس سے مجھے دکھ تو ہوا لیکن میرے میں اپنے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹی، اپنے اس عزم کا اظہار انہوں نے ایک خوبصورت شعر سے کیا کہ
بے حسی شرط ہے جینے کے لیے
اور ہم کو احساس کی بیماری ہے
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بچوں کو صحت اور تعلیم سمیت بہت سی مشکلات اور مسائل کا سامنا ہے، اس کے علاوہ غذائی قلت اور غربت کی بلند شرح ان بچوں کی بقا اور فلاح و بہبود کے لیے خطرہ ہے۔
اقوام متحدہ پاکستان میں پہلی یوتھ ایڈووکیٹ تقویٰ احمد کا کہنا تھا کہ یونیسیف کے ساتھ مل کر ہم اس مسائل کے حل کیلئے کام کررہے ہیں۔
This #WorldChildrensDay, we have an exciting news!
Activist, author and motivational speaker Taqwa Ahmad (16) from Gujranwala, Punjab has been appointed as @UNICEF's first-ever Youth Advocate in Pakistan. ✨@UNICEFROSA @TaqwaAhmad2006 https://t.co/laaJLfx0hL
— UNICEF Pakistan (@UNICEF_Pakistan) November 20, 2023
ایک سوال کے جواب میں تقویٰ احمد کا کہنا تھا کہ میں یونیسف کی یوتھ ایڈووکیٹ بننے پر بے حد خوش ہوں۔ میرا مقصد نوجوانوں کے جذبات کی ترجمانی کرنا، ان کے حقوق کا تحفظ کرنا اور دوسروں کو بااختیار بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں ایک ایسے مستقبل کا خواب دیکھتی ہوں، جہاں پاکستان کے ہر بچے کو اعلیٰ معیار کی تعلیم اور صحت کی سہولیات تک رسائی حاصل ہو تاکہ وہ ایک محفوظ، سازگار اور مساوات پر مبنی ماحول میں پل بڑھ سکے۔