ملتان: سفاک نامعلوم افراد نے 5 سالہ بچے منتظر پر تیزاب پھینک دیا اور فرار ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ملتان کے علاقے تھانہ صدر کی حدود میں نا معلوم ملزمان نے پانچ سالہ معصوم بچے پر تیزاب پھینک دیا تھا، پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 5 سالہ بچے پر تیزاب پھینکنے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، مقدمہ اقدام قتل اور دہشت گردی کے دفعات کے تحت نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا، ایف آئی آر بچے کے والد مختار حسین کی مدعیت میں درج کی گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سورج میانی میں نامعلوم افراد نے 5 سالہ بچے پر تیزاب پھینک کر شدید زخمی کر دیا تھا، بچے کو تشویش ناک حالت میں نشتر اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ تیزاب کے باعث بچے کا چہرہ اور گردن بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ملتان کے سورج میانی کے علاقے میں کسی نامعلوم سفاک خاتون نے بچے پر تیزاب پھینکنے کی واردات کی ہے، پولیس تھانہ صدر نے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
یاد رہے کہ پنجاب بھر میں تیزاب گردی کے بڑھتے واقعات کو مد نظر رکھتے ہوئے صوبائی حکومت ایسڈ کنٹرول ایکٹ لانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، اس سلسلے میں ہیومن رائٹس کمیشن کی جانب سے مسودہ پنجاب حکومت کو بھجوا دیا گیا ہے۔